بھارتی جاسوس کی گرفتاری پر قیاس آرائیوں سے پاک ، ایران دوستی پر اثرات پڑ سکتے ہیں، ایرانی سفارتخا نہ

ایران کو کبھی پاکستان کی مغربی سرحدوں پر کوئی خطرہ محسوس نہیں ہوا اور مشترکہ سرحدوں کو دوستی اور محبت کی سرحدیں تسلیم کرتے ہیں، بیان

جمعرات 31 مارچ 2016 12:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31 مارچ۔2016ء) بھارتی خفیہ ایجنسی ” را“ کے حاضر سروس افسر کلبھوشن یادیو کی گرفتاری پر ایرانی سفارتخانے کا باضابطہ رد عمل سامنے آگیا ہے۔ ایرانی سفارتخانے کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بھارتی جاسوس کی گرفتاری پر قیاس آرائیوں سے پاک ، ایران دوستی اور محبت پر اثرات پڑ سکتے ہیں۔

ایران کو کبھی پاکستان کی مغربی سرحدوں پر کوئی خطرہ محسوس نہیں ہوا اور مشترکہ سرحدوں کو دوستی اور محبت کی سرحدیں تسلیم کرتے ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایران ہمیشہ سے پاکستان کو متحد دیکھنا چاہتا ہے اور اس کا قابل اعتماد ہمسایہ ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ کچھ دنو ں سے پاکستانی میڈیا پر بھارتی ایجنٹ کے حوالے سے اس طرح کی خبریں نشر کی جارہی ہیں جو دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقات پر منفی اثر مرتب کرسکتی ہیں ۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسے عناصر جو دونوں اسلامی ممالک پاکستان اور ایران بڑھتے ہوئے تعلقات پر خوش نہیں ہیں وہ اس طرح کی بے بنیاد خبریں اور پروپیگنڈہ کررہے ہیں تاکہ ان دونوں ممالک کے درمیان دراڑیں پیدا کی جاسکیں بیان میں کہا گیا ہے کہ حال ہی میں ایرانی صدر روحانی نے پاکستان کا دورہ بھی کیا ہے جو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کا ثبوت ہے ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران پاکستان کے ساتھ اپنی سرحدوں کو امن کی سرحدیں سمجھتا ہے جبکہ صدر روحانی نے بھی ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ایران کی سکیورٹی پاکستان کی سکیورٹی ہے اور پاکستان کی سکیورٹی ایران کی سکیورٹی ہے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کی خبریں دونوں ممالک کے تعلقات کو نقصان پہنچا سکتی ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان حکومت اور عوام ایران کے ساتھ ایک خصوصی تعلق وابستہ رکھتے ہیں اور ان تعلقات کی اہمیت اور ضرورت کو اچھی طرح سمجھتے ہیں

متعلقہ عنوان :