لاہور ہائیکورٹ نے متوقع مئیر لاہور اورلیگی رہنما خواجہ احمد حسان کی نااہلی کے لئے دائر درخواست پر لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی،لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور دیگر محکموں نے جواب داخل کرا دیا،،،عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین کے وکلاءکو حتمی بحث کے لئے طلب کر لیا۔

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 31 مارچ 2016 12:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔31 مارچ۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزارزبیر خان نیازی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ خواجہ احمد حسان یونین کونسل 107سے بلا مقابلہ چئیرمین منتخب ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل باسٹھ تریسٹھ اورلوکل گونمنٹ ایکٹ کے تحت خواجہ احمد حسان لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چئیرمین ہونے کی حیثیت سے دو سال تک عوامی عہدہ رکھنے کے اہل نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ خواجہ حسان کو عوامی عہدے کے لئے نااہل قرار دیتے ہوئے چئیرمین یونین کونسل کے عہدے پر انتخابات جیتنے کا نوٹیفیکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔ لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی،لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور لاہور ویسٹ منیجمنٹ کی جانب سے سرکاری وکیل نے جواب داخل کراتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ خواجہ احمد حسان نے ان عہدوں پر رہتے ہوئے مراعات اور تنخواہیں حاصل نہیں کیں۔خواجہ احمد حسان کے وکیل ملک اویس خالد ایڈووکیٹ نے جواب الجواب داخل کرانے کے لئے عدالت سے مزید مہلت کی استدعا کی۔جس پر عدالت نے کیس کی سماعت پچیس اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر فریقین کے وکلاءکو حتمی بحث کے لئے طلب کر لیا۔