ابرار الحق کو سہارا میڈیکل کالج میں طلبا ء کو داخل کرنے کی اجازت دیدی گئی

ہائی کورٹ کا پی ایم ڈی سی کو کالج کی منظوری کی رپورٹ تیار کرکے وفاقی وزارت کو بھجوانے کا حکم

بدھ 30 مارچ 2016 22:32

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 مارچ۔2016ء)لاہور ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما و گلوکار ابرار الحق کو سہارا میڈیکل کالج میں طلبا ء کے داخلے کرنے کی اجازت دیتے ہوئے پی ایم ڈی سی کو کالج کی منظوری کی رپورٹ تیار کرکے وفاقی وزارت کو بھجوانے کا حکم دیدیا۔

(جاری ہے)

بدھ کے روز لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار گلو کار ابرار الحق کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نارووال میں صغری میموریل ہسپتال سے متصل سہارا میڈیکل کالج کی اجازت حاصل کرنے کیلئے درخواست دی تھی جس پر پی ایم ڈی سی نے سروے کے بعد میڈیکل کالج بنانے کے حوالے سے رپورٹ جاری نہیں کی۔

دوران سماعت پی ایم ڈی سی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پی ایم ڈی سی میں نئی کابینہ انتخاب جیت کر آ گئی ہے،انہیں سروے کی اجازت دی جائے۔ فاضل عدالت نے دلائل سننے کے بعد سہارا میڈیکل کالج کو طلبا کے داخلے کرنے کی اجازت دیتے ہوئے پی ایم ڈی سی کو کارروائی مکمل کر کے رپورٹ پندرہ روز میں وفاقی وزارت صحت کو ارسال کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔