صدر اوباما کا نواز شریف کو ٹیلی فون ، سانحہ لاہور پر اظہارافسوس ، متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار

امریکہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑاہے ، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی ہر ممکن معاونت کریں گے،یقین ہے کہ پاکستان دہشتگردوں کے خلاف کامیاب ہو گا، نوازشریف کاسانحہ لاہور کے باعث دورہ امریکہ منسوخ کرکے اپنے عوام کے ساتھ رہنے کا فیصلہ قابل تعریف ہے ، مستقبل میں جلد ملیں گے، مجھے آپ سے ملاقات کا شدت سے انتظار رہے گا،امریکی صدر کی وزیراعظم سے ٹیلی فون پر گفتگو دشمن معصوم انسانوں کو نشانہ بنا رہا ہے ،پاکستان چھپے ہوئے دشمن اور انتہا پسند نظریے کے خلاف فتح یاب ہو گا، نواز شریف

بدھ 30 مارچ 2016 22:19

واشنگٹن/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 مارچ۔2016ء) امریکی صدر باراک اوباما نے وزیراعظم نواز شریف کو ٹیلی فون کر کے حکومت اور عوام کی جانب سے سانحہ لاہور پر افسوس او ر متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیاہے اور کہا ہے کہ امریکہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑاہے ، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی ہر ممکن معاونت کریں گے،ہمیں یقین ہے کہ پاکستان دہشتگردوں کے خلاف کامیاب ہو گا،سانحہ لاہور کے باعث دورہ امریکہ منسوخ کرکے اپنی عوام کے ساتھ رہنے کا فیصلہ قابل تعریف ہے ، ہم مستقبل میں جلد ملیں گے اور مجھے اس ملاقات کا انتظار رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کو امریکی صدر باراک اوبامہ نے وزیراعظم نواز شریف کو ٹیلی فون کیا اورسانحہ لاہور کے حوالے سے امریکی حکومت اور عوام کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صدر اوبامہ نے کہا کہ امریکہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑاہے ۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی ہر ممکن معاونت کریں گے ۔صدر اوباما نے کہا کہ پاکستان سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے ۔انسداددہشت گردی کے لئے آپ کی قیادت کا اعتراف کرتے ہیں ۔ہمیں یقین ہے کہ پاکستان دہشتگردوں کے خلاف کامیاب ہو گا۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دشمن معصوم انسانوں کو نشانہ بنا رہا ہے جو آسان اہداف ہیں ۔دشمن اپنے انفراسٹرکچر کی تباہی کی وجہ سے آسان اہداف پر حملے کر رہا ہے ۔

نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کا عزم روزبروز مضبوط تر ہو رہا ہے ۔پاکستان چھپے ہوئے دشمن اور انتہا پسند نظریے کے خلاف فتح یاب ہو گا۔ا امریکی صدر اوبامہ نے سانحہ لاہور کے باعث واشنگٹن میں ہونے والی جوہری توانائی کانفرنس میں شرکت کرنے کی بجائے مشکل کی اس گھڑی میں اپنی عوام کے ساتھ رہنے کے نوازشریف کے فیصلے کو سراہا اور کہا کہ ہم مستقبل میں جلد ملیں گے اور مجھے اس ملاقات کا انتظار رہے گا۔