امریکی حکومت اور عوام سانحہ لاہور پر سوگوار خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں،صدراوباماکانوازشریف کو ٹیلی فون

چھپا ہوا دشمن اپنا ڈھانچہ تباہ ہونے کے بعد معصوم عوام کو نشانہ بنا رہاہے، پاکستانی قوم انتہاء پسندی اور چھپے ہوئے دشمن کیخلاف ہر صورت میں فتح حاصل کریگی،نوازشریف

بدھ 30 مارچ 2016 22:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 مارچ۔2016ء) امریکی صدر براک اوبامہ نے کہا ہے کہ امریکی حکومت اور عوام سانحہ لاہور پر سوگوار خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں ، یقین ہے پاکستان دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کامیابی حاصل کریگا، دہشتگردی کیخلاف امریکہ پاکستان کی ہر ممکن معاونت کریگا۔

امریکی صدر براک اوبامہ نے بدھ کو وزیراعظم محمد نواز شریف کو ٹیلیفون کیا اور امریکی حکومت اور عوام کی جانب سے سانحہ لاہور پر افسوس کا اظہار کیا ۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے عوام رنج کی اس گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ پاکستان دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کامیابی حاصل کریگا مشکل کی گھڑی میں دورہ امریکہ کی بجائے اپنے عوام کے ساتھ رہنے کا فیصلہ قابل تحسین ہے ۔

(جاری ہے)

صدر اوبامہ نے کہا کہ انسداد دہشتگردی کیلئے آپکی قیادت کا اعتراف کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں دہشتگردی کیخلاف جنگ میں نمایاں پیش رفت ہوئی ۔ دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی ہر ممکن معاونت کرینگے ۔ صدر اوبامہ نے کہا کہ آپ سے ملاقات کا شدت سے منتظر ہوں اور ہم بہت جلد ملیں گے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ چھپا ہوا دشمن اپنا ڈھانچہ تباہ ہونے کے بعد معصوم عوام کو نشانہ بنا رہاہے میرا اور میری عوام کا عزم روز بروز مضبوط ہو رہا ہے پاکستانی قوم انتہاء پسندی اور چھپے ہوئے دشمن کیخلاف ہر صورت میں فتح حاصل کریگی۔

یادرہے کہ وزیراعظم محمدنوازشریف نے سانحہ لاہورکی وجہ سے واشنگٹن میں ہونیوالی نیوکلیئرسیکیورٹی سمٹ میں شرکت کی بجائے پاکستان میں ہی رہنے کا فیصلہ کیاتھا۔

متعلقہ عنوان :