اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں 4 روز سے معطل موبائل فون سروس بحال،شہریوں نے سکھ کا سانس لیا

دھرنے کے باعث ریڈزون اور اس کے اطراف کے علاقوں میں سروس معطل کی گئی تھی، پی ٹی اے

بدھ 30 مارچ 2016 21:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 مارچ۔2016ء) وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں 4 روز سے معطل موبائل فون سروس بحال کردی گئی جس پر شہریوں نے سکھ کا سانس لیا جبکہ موبائل فون کمپنیوں نے کرڑوں روپے نقصان کا دعویٰ کیاہے ۔تفصیلات کے مطابق بدھ کی شام اسلام آباد کے ریڈ زون میں دھرنا دینے والی مذہبی تنظیموں کے رہنماؤں اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوتے ہی وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں 4 روز سے معطل موبائل فون سروس بحال کردی گئی جس پر شہریوں نے سکھ کا سانس لیا اور اپنے پیاروں اور عزیز واقاراب کی خیریت دریافت کرنے کیلئے رابطے کرنے شروع کردیے۔

موبائل فون سروس وزارت داخلہ کی ہدایتپر ریڈ زون میں ہونے والے دھرنے کے باعث معطل کی گئی تھی ۔

(جاری ہے)

تاہم حکومت اور مظاہرین کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد سروس بحال کی گئی۔وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ موبائل فون سروس کے ٹاورز فاصلے پر ہونے کی وجہ سے جب ریڈ زون پر ضرورت کے مطابق سروس بند کی جاتی ہے تو اسلام آباد کے باقی علاقے بھی متاثر ہوتے ہیں، آئندہ موبائل کمپنیوں سے بات کر کے اس کا مداوا کیا جائے گا کہ جب ریڈ زون میں ضرورت کے تحت سروس بند کی جائے تو اسلام آباد کے باقی علاقے متاثر نہ ہوں۔

پی ٹی اے ذرائع کے مطابق موبائل فون سروس کی بندش میں ریڈزون کو فوکس رکھا گیا تھا تاہم سیکیورٹی خدشات کے باعث اطراف کے علاقوں میں بھی سروس معطل کی گئی جس سے دیگر علاقوں میں موبائل سروس میں تعطل پیدا ہوا۔دوسری جانب موبائل فون کمپنیوں نے کرڑوں روپے نقصان کا دعویٰ کیاہے ۔