وارڈنز دوران ڈیوٹی شہریوں کی مدد،راہنمائی اور خدمت خلق کے جذبے سے سرشار رہیں‘ طیب حفیظ چیمہ

امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر وارڈنز متعلقہ تھانے کے بیٹ افسران سے رابطے میں رہتے ہوئے معلومات کی شیئرنگ کو معمول بنائیں،مشکوک گاڑیوں اور مشکوک عناصر پرکڑی نظر رکھی جائے‘ سی ٹی او لاہور

بدھ 30 مارچ 2016 21:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 مارچ۔2016ء) چیف ٹریفک آفیسر لاہور طیب حفیظ چیمہ نے امن وامان اور سکیورٹی کی صورتحال کے پیش نظر افسران اور ٹریفک سٹاف کو احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ٹریفک کی روانی کے ساتھ ساتھ شہریوں کی بر وقت مدد ،راہنمائی اور خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار رہنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے ایس پیز اور ڈی ایس پیز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں پٹرولنگ کے دوران وارڈنز کوبریف کرتے ہوئے انکی کارکردگی کا جائزہ لیتے رہیں۔

سی ٹی او نے کہا کہ ٹریفک انسپکٹرز ،وارڈنز دوران ڈیوٹی اپنے ارد گرد کے حالات پر نظر رکھیں،وارڈنز اپنے فرائض کی بجا آوری کے دوران متعلقہ تھانے کے بیٹ افسران سے رابطہ رکھتے ہوئے انفارمیشن کی شیئرنگ کو اپنا معمول بنائیں۔

(جاری ہے)

طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ تفریحی مقامات،ہسپتال، اہم دفاتر اور تعلیمی اداروں کے باہر ڈیوٹی یقینی بنائی جائے ،شہر بھر میں ہونے والی تقریبات اور عوامی اجتماعات کے دوران شرکاء کی گاڑیوں کو کم از کم 100میٹر دور پارک کروائیں۔

انہوں نے کہا کہ دوران ڈیوٹی مشکو ک گاڑیوں ،موٹر سائیکلوں اور مشکوک عناصر پر کڑی نظر رکھیں وارڈنز کو فراہم کی گئی جدید سہولت کو بروئے کار لاتے ہوئے موقع پر ہی گاڑی بارے تصدیق کریں۔سی ٹی او نے کہا کہ ٹریفک وارڈنز لوگوں کی مدد اور راہنمائی کرتے ہوئے اپنی جان ومال سرکاری گاڑیوں اور مال سرکار کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے کسی بھی پرتشدد ہجوم/جلوس سے محفوظ فاصلے پر رہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک وارڈنز سڑکوں پر ایمبولینس ،فائر برگیڈ،بم ڈسپوزل وغیرہ کی گاڑیوں کی راہنمائی کرتے ہوئے انہیں راستہ کلیئر دیں۔ انہوں نے سرکل افسران کو ہدایت کی کہ کسی بھی ناگہانی صورت اور دیگر روڈ پرابلم ہو نے پر فوراََ ڈائیورشن پلان ترتیب دیتے ہوئے ٹریفک کو متبادل راستوں پر ڈائیورٹ کیا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی کوئی دشواری نہ ہو۔ایسی صورت میں سرکل افسران موقعہ پر پہنچ کر ٹریفک وارڈنز کو ضروری ہدایات دیں جبکہ وارڈنزشہریوں کی مد د اور ٹریفک کی روانی کیلئے کو ئی کسر نہ چھوڑیں۔

متعلقہ عنوان :