بھٹہ خشت پرکام کرنے والے افراد کے شناختی کارڈ اُن کی دہلیز پر بنائے جائیں، وزیر محنت راجہ اشفاق سرور

بدھ 30 مارچ 2016 20:27

لاہور۔30 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 مارچ۔2016ء ) پنجاب بھر میں بھٹوں پر کا م کرنے والے مزدوروں میں سے صرف 25 فی صد لوگوں کے پاس شناختی کارڈ موجود ، 75 فی صد مزدور شناختی کارڈ سے محروم ہیں، صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہ ہدایت کی ہے کہ نادرا افسران اور لیبر ڈیپارٹمنٹ مل کر ایک ایسا لائحہ عمل تیار کریں جس سے تمام بھٹوں پر موجود لوگوں کے شناختی کارڈ اُن کی دہلیز پر جلد از جلد بنائے جا سکیں اور اس سلسلہ میں نادرا موبائل وین کا بندوبست کیا جائے جو کہ بھٹوں پر جا کر وہاں پرکام کرنے والے مزدوروں کے کارڈز بنائے ۔

(جاری ہے)

تاکہ بھٹہ میں کام کرنے والے مزدور بھی دوسرے سیکٹرز کے صنعتی ورکرز اور مزدوروں کی طرح سوشل سیکورٹی، ای او بی آئی اور ورکرز ویلفیئر بورڈ کے تحت ملنے والی بے شمار سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔انہوں نے یہ بات پنجاب سوشل سیکورٹی ہیڈآفس میں منعقدہ اجلاس کے دوران کہی- اجلاس میں نادرا پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل کرنل(ر) محمد انیس خان، سیکرٹری لیبر نوازش علی کھوکھر، ڈپٹی ڈائریکٹر آپشنز نادرا میجر شبیر بھٹی اور لیبر ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔