پراونشل سلیکشن بورڈ - II کا اجلاس، مزید 450 اسسٹنٹ پروفیسرز کو اگلے گریڈ میں ترقی دے دی گئی

کرپشن کی انکوائریاں بھگتنے والے کسی افسر کو اہم تعیناتی نہ دی جائے،ایڈیشنل چیف سیکرٹری کا اجلاس سے خطاب

بدھ 30 مارچ 2016 20:25

لاہور۔30 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 مارچ۔2016ء ) ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ کی صدارت میں یہاں محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن اور اینٹی کرپشن اسٹبلشمنٹ پنجاب کے افسران پر مشتمل اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پنجاب میں جن سرکاری افسران کے خلاف اینٹی کرپشن اسٹبلشمنٹ میں انکوائریز چل رہی ہیں ، انہیں کسی بھی اہم عہدے پر تعینات نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

خواجہ شمائل احمدنے اس موقع پر ہدایات جاری کیں کہ کرپٹ آفیسرزکے لئے زیرو ٹالرنس کے حوالے سے وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف کے ویژن کے عین مطابق طے شدہ اس حکومتی پالیسی پر 100فیصد عمل درآمدکو یقینی بنایا جائے-اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خود اینٹی کرپشن اسٹبلشمنٹ پنجاب میں تعینات جن افسران کے خلاف انکوائریز چل رہی ہیں ،انہیں بھی موجودہ اہم عہدوں سے ٹرانسفر کر کے دوسری جگہوں پر تعینات کر دیاجائے گا- دریں اثناء ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ کی سربراہی میں پراونشل سلیکشن بورڈ-2کے 13ویں اجلاس میں سرکاری کالجوں کے 450 اسسٹنٹ پروفیسرز کو گریڈ 18سے گریڈ 19میں ترقی دے کر ایسوسی ایٹ پروفیسرز بنادیا گیا-سول سیکرٹریٹ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی صدارت میں منعقدہ ایک اور اجلاس کے دوران پنجاب کے دیہی علاقوں میں انتہائی غریب گھرانوں کو سوشل موبلائزیشن کے ذریعے منظم انداز میں خوشحالی کے راستے پر ڈالنے کی غرض سے حکومت پنجاب پانچ ارب روپے کی ابتدائی لاگت کا ایک پائلٹ پراجیکٹ سے متعلق بریفنگ دی گئی-غربت میں کمی لانے کے اس پائلٹ پراجیکٹ کے تحت دیہی آبادی کے نادارافراد کو یونین کونسل کی سطح پر باہمی اشتراک سے چھوٹے پیمانے پر زراعت سے منسلک مختلف کاروبار شروع کرنے کی ترغیب دی جائے گی اور اس سلسلے میں انوسٹمنٹ پلان کی تیاری سمیت تمام تر تکنیکی مشاورت بھی مفت فراہم کی جائے گی-وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ کی سربراہی میں متعلقہ صوبائی اداروں کے سینئر افسران اور تکنیکی ماہرین پر مشتمل خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے - اس خصوصی کمیٹی کو یونین کونسل کی سطح کے غربت مکاؤ پائلٹ پراجیکٹ کی عملی افادیت بڑھانے کے حوالے سے بہترین میکانزم وضع کرنے کا ٹاسک تفویض کیا گیا ہے-یہ کمیٹی غربت میں کمی لانے کے لئے یونین کونسل کی سطح پر مجوزہ پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کرنے کے حوالے سے صوبے کے دو ایسے اضلاع کا تعین بھی کرے گی جو سوشیواکنامک پسماندگی کے حوالے سے سب سے زیادہ توجہ کے حقدار ہیں-اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب میں اب تک غربت میں کمی لانے کے دیگر تمام پراجیکٹس تحصیل کی سطح پر کام کررہے ہیں جبکہ مجوزہ پائلٹ پراجیکٹ کے تحت یونین کونسل اورگاؤں کی سطح پر جا کر غریب عوام کو تکنیکی مشاورت فراہم کی جائے گی- اس مجوزہ پائلٹ پراجیکٹ کے تحت 107یونین کونسلوں میں شامل پسماندہ ترین دیہات میں بیس بیس افراد (امپلی مینٹیشنپارٹنرز) پر مشتمل کمیونٹی آرگنائزیشن تشکیل دی جائیں گی -یہ کمیونٹی آرگنائزیشنز آپس میں مل کر ویلج آرگنائزیشنز تشکیل دیں گی جبکہ یونین کونسل کی سطح پر لوکل سپورٹ آرگنائزیشن تمام امور کومربوط بنائیں گی- ہریونین کونسل کے لئے بیس ملین روپے کے فنڈز مختص کرنے کی تجویزدی گئی ہے- اس پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کی تکمیل سے اڑھائی لاکھ دیہی گھرانوں کو غربت کے پنجے سے چھڑانا ممکن ہوجائے گا-

متعلقہ عنوان :