قوم کو اس وقت محب وطن قیادت کی ضرورت ہے ،ایک شوگر مل سے پکڑے جانیوالے پڑوسی ملک کے ملازمین کے بارے حقائق بتائے جائیں ،سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 30 مارچ 2016 20:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 مارچ۔2016ء ) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز پور نے کہا ہے کہ قوم کو اس وقت محب وطن قیادت کی ضرورت ہے ایک شوگر مل سے پکڑے جانیوالے ملازمین کے بارے میں وزیر داخلہ قوم کو حقائق بتائیں جن حکمرانوں کے پاکستان کے سوا دنیا کے ہر ملک میں کاروبار اور جائیدادیں ہیں ہمیں انکی حب الوطنی پر شک ہے وزیر اعظم پاکستان بھارتی جاسوس کی گرفتاری پر خاموش اور غم و غصے کی حالت میں کیوں ہیں؟وہ گذشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں اخبار نویسوں سے گفتگو کررہے تھے ،خرم نواز گنڈا پو رنے کہاکہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں سابق وفاقی وزیر داخلہ نے پنجاب میں پنجابی طالبان کے اڈوں کی نشاندہی کی مگر اس طرف توجہ نہ دینے کا نتیجہ دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ کی صورت میں سامنے آیا ،انہوں نے کہاکہ اقتدار اور سیاست کی مصلحتوں کی وجہ سے دہشتگرد مضبوط ہو رہے ہیں اس نیٹ ورک کے خاتمے کا واحد حل بے رحم فوجی آپریشن ہے،حکومتی صفوں میں صرف راتوں رات کروڑ پتی سے ارب پتی بننے والے بیٹھے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ فوج نہ ہو تی تو خدانخواستہ لُٹیرے ملک بیچ دیتے ،پاکستان میں کرپٹ بیورو کریسی اور بد عنوان حکمرانوں کی وجہ سے’ غیر ملکی ایجنسیوں کا نیٹ ورک اپنی جڑیں مضبوط کر چکا ہے ۔اقبال پارک دہشتگردی اور انڈین جاسوس کی گرفتاری اس کے ناقابل تردید ثبوت ہیں ،انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت دہشتگردی کے خلاف فوجی آپریشن کو ناکام بنانے کی سر توڑ کوشش کرے گی،اس آپریشن کو ناکام بنانے کیلئے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ ہی کافی ہیں ،فوج کے ذمہ داروں کو اس کا خاص خیال رکھنے کی ضرورت ہے ،انہوں نے کہاکہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں میں سے عوامی تحریک وہ واحد جماعت ہے جو دہشتگردی اور انتہا پسندی کو جڑ سے ختم کرنے کی جدوجہد میں مصروف ہے ۔