قائمہ کمیٹی کابینہ سیکرٹریٹ نے انسانی اعضاء کی پیوند کاری ترمیمی بل 2014 اتفاق رائے سے منظور کرلیا ، کشور زہرا کی بعض ترامیم مسترد

راول ڈیم کے اطراف چائنا کٹنگ کا نوٹس ،آئندہ اجلاس میں تفصیلی رپورٹ طلب کرلی، سی ڈی اے کو رہائشی اور کمرشل پلاٹس کی فروخت اور نیلامی سے حاصل رقم کی جلد وصولی کی ہدایت

بدھ 30 مارچ 2016 19:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 مارچ۔2016ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ نے انسانی اعضاء کی پیوند کاری کے لئے قواعد واضح کرنے کے قانون ، انسانی اعضاء کی پیوند کاری ترمیمی بل 2014 اتفاق رائے سے منظور کرلیا، کمیٹی نے راول ڈیم کے اطراف چائنا کٹنگ کا بھی نوٹس لیتے ہوئے آئندہ اجلاس میں اس بارے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

بدھ کو قائمہ کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین رانا محمد حیات کی سربراہی میں یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیرمملکت برائے کیڈ طارق فضل چوہدری ، کمیٹ یارکان ملک ابرار، سردار محمد عرفان ڈوگر، سیما محی الدین جمیلی،اسد عمر، مولوی آغامحمد، سید علی رضا عابدی، کشور زہرا سمیت کابینہ سیکرٹریٹ، سی ڈی اے، فوڈ سیکیورٹی اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں انسانی اعضاء کی پیوند کاری بل 2014 پر تفصیلی غور و خوص کے بعد اسے منظور کرلیا گیا تاہم کشور زہرا کی بعض ترامیم کو کمیٹی نے مسترد کر دیا۔ وزارت کیڈ کے حکام نے بھی بل کی حمایت کی، کمیٹی نے بل کو حوصلہ افزاء قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے لوگوں میں انسانی اعضاء کی پیوند کاری کیلئے انسانی اعضاء عطیہ کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

کمیٹی نے راول ڈیم کے اطراف چائنا کٹنگ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ مانگ لی جبکہ کمیٹی نے سی ڈی اے کے انفورسٹمنٹ ڈائریکٹریٹ کو مضبوط بنانے اور سرکاری اراضی قبضہ مافیا سے چھڑانے کیلئے اقدامات کی بھی ہدایات جاری کیں۔ کمیٹی نے سی ڈی اے کو رہائشی اور کمرشل پلاٹس کی فروخت اور نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم کی جلد وصولی کی بھی ہدایات جاری کیں۔ کمیٹی نے سی ڈی اے کو انڈسٹریل ایریا میں دیئے گئے پلاٹس کی غیر منفی استعمال کے حوالے سے منفی فہرست بھی کمیٹی میں پیش کرنے کیلئے احکامات جاری کئے تا کہ انہیں منسوخ کرنے کیلئے کارروائی کی جا سکے۔