وفاقی وزیر داخلہ کی مظاہرین کے ڈی چوک تک پہنچنے کی تحقیقات کیلئے سپیشل سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی، 7 روز میں تحقیقاتی رپورٹ پیش کرے گی

بدھ 30 مارچ 2016 18:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 مارچ۔2016ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ڈی چوک تک مظاہرین کے پہنچنے کی تحقیقات کیلئے سپیشل سیکرٹری داخلہ شعیب صدیقی کی سربراہی میں وزرات داخلہ کی کمیٹی قائم کر دی،جو سات روز میں اپنی تحقیقاتی رپورٹ پیش کرے گی۔

(جاری ہے)

بدھ کو وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان کی صدارت میں وزرات داخلہ میں اہم اجلاس ہوا،اجلاس میں سیکرٹری داخلہ،چیف کمشنر ذوالفقار حیدر،قائم مقام آئی جی اسلام آباد خالد خٹک،ڈپٹی کمشنر ،کیپٹن ریٹائرد مشتاق احمد،ایس ایس پی ساجد کیانی سمیت دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں دھرنا مظاہرین سے ہونے والے تین مذاکراتی ادوار اور ڈی چوک خالی کروانے کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا گیا۔انتظامیہ کی طرف سے اب تک ہونے والے مذاکرات سے وزیرداخلہ کو آگاہ کیا گیا۔وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ڈی چوک تک مظاہرین کے پہنچنے کی تحقیقات کیلئے سپیشل سیکرٹری داخلہ شعیب صدیقی کی سربراہی میں وزرات داخلہ کی کمیٹی قائم کر دی،جو سات روز میں اپنی تحقیقاتی رپورٹ پیش کرے گی۔کمیٹی میں ڈی جی پولیس بیورو اقبال محمود،اڈیشنل سیکرٹری طارق خان بھی شامل ہیں۔