صنعتوں کے مسائل حل کیے بغیر برآمدات میں اضافے کے اہداف حاصل نہیں ہوسکتے،زاہد سعید

بدھ 30 مارچ 2016 18:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 مارچ۔2016ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر زاہد سعید نے کہا ہے کہ صنعتوں کے مسائل حل کیے بغیر برآمدات میں اضافے کے اہداف حاصل نہیں ہوسکتے۔ حکومت کی جانب سے نئی تجارتی پالیسی برائے 2015-18پر اظہار خیال کرتے ہوئے انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پالیسی میں جن فنڈز کا اعلان کیا گیا ہے ان کا اجرا یقینی بنایا جائے چوں کہ پالیسی اعلان اس وقت ہوا ہے جب مالی سال کے سات ماہ گزر چکے ہیں انھوں نے کہا کہ برآمدات کا ہدف 35ارب ڈالر رکھا گیا ہے ایسی صورت حال میں سب سے پہلے صنعت کاروں کے زیر التوا ٹیکس ریفنڈ کے اجرا سمیت توانائی کی بلاتعطل اور مناسب نرخوں پر فراہمی سمیت کئی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

زاہد سعید نے کہا ہے کہ ہمیشہ اس بات پر زور دیتے آرہے ہیں کہ صنعتوں کی راہ میں حائل انتظامی رکاوٹیں دور کیے بغیر برآمدات میں اضافے کا ہدف حاصل نہیں ہوسکتا۔

(جاری ہے)

زاہد سعید کا کہنا تھا کہ برآمدات میں اضافے کے لیے عالمی سطح پر پاکستان کی امیج بلڈنگ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے اس حوالے سے پالیسی میں خطوط کا تعین ہونا چاہیے تھا۔ انھوں نے کہا کہ دنیا بھرمیں برآمد کنندگان کے مسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے عالمی سطح پر پیدا ہونے والے بحران کی وجہ سے کرنسی کی ویلیو میں کمی کے فیصلے سامنے آئے ہیں، حکومت کو برآمدات میں اضافے کے لیے برآمدکنندگان مستحکم بنانے کے لیے ایسے اقدامات پر غور کرنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :