حضرت بی بی فاطمہ زہراؓکا یوم ولادت ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا گیا

بدھ 30 مارچ 2016 17:43

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 مارچ۔2016ء)دختر رسولؐپاک بی بی بتول سیدہ خاتون ِ جنت حضرت بی بی فاطمہ زہراؓکا یوم ولادت ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا گیا۔اس سلسلہ میں سبزہ زار کے علاقہ میں ایک بڑی محفل میلاد منعقد ہوئی جس میں سینئر قانون دان ناصر احمد اعوان مہمان خصوصی تھے جبکہ عامر حسین ہاشمی ، پیر یاور عباس، غضنفر علی شاہ، عابد رضا جاوا، اسلم علی ورک ،کمال حیدر کاظمی ایڈووکیٹ،عثمان ناصر اعوان ایڈ ووکیٹ سمیت دیگر افراد و عمائدین ملت کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا مرتضیٰ حسین گھلونے کہا کہ اﷲ تعالی نے حضرت بی بی فاطمہؓ کو کائنات کی عورتوں کیلئے نمونہ عمل بنا کر بھیجا،آپ نے ماں ،بیٹی ، بہن ، بیوی کے کردار اور عورت کے مقام و عزت کو عروج بخشاء۔

(جاری ہے)

آپ ؓ کی حیات عالم اسلام سمیت دنیا بھر کے مذاہب کی خواتین کیلئے مشعل راہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جو نبی ؐکی بیٹی ، علی ؑکی زوجہ اور امام حسن ؑ و حسین ؑ کی ماں ہواسکی عظمت کا مقام لفظوں میں بیاں نہیں ہو سکتا۔

نبی کریم ؐ نے آپ ؑ کی عزت و احترام کا خود درس دیا ہے۔ مولانا طالب حسین حیدری نے کہا کہ پاک بی بی ؑ کے بغیر دین اسلام نا مکمل ہے ۔ رسول ؐ کے دین کی تکمیل اور حقوق نسواں کے نمونہ کیلئے پا ک بی بی کا وجود لایا گیا ، آپ ؑ کے بغیر رسول ؐ کی رسالت کا پیغام نا مکمل ہے۔اﷲ تعالی ٰ نے پاک بی بی کو وہ مقام عطاء کیا جو کسی اور خاتون کے حصہ میں نہیں آیا۔علامہ آغا مظہر حسین مشہدی نے کہا ہے کہ جس کا احترام نبی ؐ اور امام ؑ کریں، اُسے فاطمہ ؑکہتے ہیں۔نا ان جیسی کوئی بیٹی ہوگی ، نا ماں ہوگی اورنا ہی بیوی ۔آج کی عورت کو اپنی بقاء اور آخرت میں سر خرو ہونے کیلئے پاک بی بی ؑ کی تعلیمات کو اپنانا ہو گا۔ معروف شاعر عاصم عباس شمسی نے بھی حضرت بی بی فاطمہ ؓکے فضائل اور مناقبت پیش کی۔