نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ : ڈیم کے سپل وے پر تینوں گیٹس کی تنصیب کا کام مکمل کر لیا گیا

منصوبے کے بیشتر مشکل اہداف حاصل ہوچکے ہیں، توقع ہے منصوبہ نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق مکمل ہوجائیگا‘ چیئرمین واپڈا ڈیم 80 فی صد، ہیڈریس ٹنل 90 فی صد اور پاور ہاؤس 87 فی صد مکمل ہوچکے ہیں‘منصوبے کے دورے پرظفر محمود کوپراجیکٹ حکام کی بریفنگ

بدھ 30 مارچ 2016 17:41

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 مارچ۔2016ء) واپڈا نے 969 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے حامل نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر کے حوالے سے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا ،پراجیکٹ حکام نے ڈیم کے سپل وے پر تیسرے اور آخری ریڈیل گیٹ کی تنصیب کا کام بھی مکمل کر لیا ہے، اس پیش رفت کے ساتھ ہی نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے سپل وے پر تینوں ریڈیل گیٹس کی تنصیب کا ہدف حاصل کر لیا گیا ہے۔

ڈیم کے سپل وے پر تینوں گیٹس کی تنصیب کا عمل مکمل ہونے پر پراجیکٹ حکام نے آزاد کشمیر میں نوسیری کے مقام پر واقع ڈیم سائٹ پر آج ایک تقریب کا اہتمام کیا۔ چیئرمین واپڈا ظفر محمود اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے۔ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر محمد زبیر اور پراجیکٹ ڈائریکٹر نیر علاؤ الدین کے علاوہ مشاورتی اور تعمیراتی کمپنیوں کے نمائندے بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے یہ اہم ہدف حاصل کرنے پر پراجیکٹ حکام کو مبارکباد دی۔ انہوں نے اس انتہائی مشکل منصوبے کی تعمیر کے حوالے سے پراجیکٹ حکام کے عزم، محنت اور لگن کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ کی تعمیر سے متعلق اہم اور مشکل اہداف میں سے بیشتر حاصل کئے جاچکے ہیں اور توقع ہے کہ اس منصوبے کو نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق مکمل کر لیا جائے گا۔

اپنے دورے میں چیئرمین نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ دونوں ٹنل بورنگ مشینیں منصوبے کی سرنگوں کی کھدائی کا کام مؤثر طور پر کر رہی ہیں۔قبل ازیں چیف ایگزیکٹو آفیسر نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ نے چیئرمین واپڈا کو منصوبے پر تعمیراتی کام کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کی تمام سائٹس پر کام تسلی بخش طور پر آگے بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیم اور اس سے متصل سٹرکچر پر تعمیراتی کام تقریباً80 فی صد مکمل ہوچکا ہے ،جبکہ ہیڈریس ٹنل تقریباً 90 فی صد اور پاور ہاؤس 87 فی صد مکمل ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ منصوبے کی تعمیر پر اب تک 249 ارب روپے خرچ کئے جاچکے ہیں۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا پہلا پیداواری یونٹ جولائی2017ء میں مکمل ہوگا جبکہ باقی تین یونٹس مرحلہ وار 2017ء کے آخر تک مکمل کر لئے جائیں گے۔

نیلم جہلم ہائیڈرو پاور کمپنی بجلی کی پیداوار کے لئے زیر زمین عالمی معیار کا منصوبہ تعمیر کررہی ہے ۔ اس منفرد پراجیکٹ کا 90فی صد حصہ بلند و بالا پہاڑوں کے نیچے زیر زمین واقع ہے جبکہ محض 10فی صد حصہ سطح زمین پر ہے ۔ یہ منصوبہ اپنی تکمیل پر بجلی کے قومی نظام کو ہر سال پانچ ارب 15 کروڑ یونٹ سستی اور ماحول دوست پن بجلی مہیا کرے گا۔