پولیس مقابلے میں 5دہشت گردوں کی ہلاکت کا مقدمہ درج ،دہشت گردی سمیت دیگر سنگین دفعات شامل

مقدمہ تھانہ چوہنگ میں ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا ، ہلاک دہشت گرد جنید ظہور ، ناصر اقبال ، رشید اور خان وحید نامزد

بدھ 30 مارچ 2016 17:41

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 مارچ۔2016ء) لاہور میں پولیس مقابلے کے دوران 5دہشت گردوں کی ہلاکت کا مقدمہ درج کر لیا گیا ، پولیس کی مدعیت میں درج مقدمے میں دہشت گردی سمیت دیگر سنگین دفعات شامل ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران رائیونڈ روڈ پر پولیس کا دہشتگردوں سے مقابلہ ہو گیا جس میں پانچ دہشتگرد مارے گئے۔

(جاری ہے)

مقابلہ رائے ونڈ روڈ پر واقع ایل ڈی اے ایونیو میں ہوا جہاں پولیس کے مطابق ہلاک ملزموں نے کرائے پر گھر حاصل کررکھا تھا۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا تو ملزموں نے پولیس کی چھاپہ مار پارٹی پر فائرنگ شروع کردی جس پر پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی۔دو طرفہ فائرنگ کا سلسلہ تقریباً دو گھنٹوں تک جاری رہا جس میں پانچ مشتبہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔ ایس ایچ او چوہنگ خالد فاروقی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جس میں ہلاک ہونے والے دہشت گرد جنید ظہور ، ناصر اقبال ، رشید اور خان وحید کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ مقدمے میں دہشت گردی سمیت دیگر سنگین دفعات شامل ہیں ۔