کل بھوشن یادیو کے ساتھی جاسوس کو نکالنے کیلئے بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے دو افسر ایران میں اپنے سفارتخانے پہنچ گئے

دونوں افسران کو چاہ بہار میں موجود جاسوس کو کسی تیسرے ملک بھیجنے کا ٹاسک دیدیا گیا، بھارتی جاسوس کو دبئی بھجوائے جانے کا امکان

بدھ 30 مارچ 2016 16:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 مارچ۔2016ء) ایرانی بندرگاہ چاہ بہارمیں کل بھوشن یادیو کے ساتھی جاسوس کو نکالنے کیلئے بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے دو افسر ایران میں اپنے سفارتخانے پہنچ گئے، دونوں افسران کو چاہ بہار میں موجود جاسوس کو کسی تیسرے ملک بھیجنے کا ٹاسک دیا گیا ہے، بھارتی جاسوس کو دبئی بھجوائے جانے کا امکان ہے۔

بدھ کو میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ چاہ بہار میں موجود اپنے جاسوس کو مشکل سے نکالنا چاہتی ہے، چاہ بہار میں موجود بھارتی جاسوس پاکستان میں گرفتار ایجنٹ کل بھوشن یادیو کا ساتھی بتایا جاتا ہے اور اس سلسلے میں ”را“ کے دو افسران اپنے ساتھی کو چاہ بہار سے نکالنے کیلئے ایران میں اپنے سفارتخانے میں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے دونوں افسران 27 مارچ سے اپنے سفارتخانے میں موجود ہیں۔ ذرائع کے مطابق ”را“ کے افسر ششمیت کو ایران سے جاسوس نکالنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے اور بھارتی سفارتی عملے کو چاہ بہار سے جاسوس کو کسی تیسرے ملک بھجوانے کا ٹاسک دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں چاہ بہار میں موجود جاسوس کو دبئی بھجوائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ چاہ بہار میں موجود بھارتی جاسوس بھی بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کا حاضر سروس افسر ہے۔

متعلقہ عنوان :