ساؤتھ افریقہ میں یوم پاکستان کی مناسبت سے رنگا رنگ تقریب کا اہتمام

پاکستانیوں کی بھرپور شرکت ، فضا ملی نغموں اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی

بدھ 30 مارچ 2016 16:36

لاہور/جوہانسبرگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 مارچ۔2016ء) پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ساؤتھ افریقہ کے شہر پیٹر میرٹز برگ میں یوم پاکستان کی مناسبت سے ایک پر وقار اور رنگا رنگ تقریب کا اہتمام کیا گیا ، تقریب میں پاکستانیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین فیاض خان طور خیلی نے کہاکہ دیار غیر میں پاکستانیوں کی فلاح اور ان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ایسوسی ایشن گراں قدر خدمات سرانجام دے رہی ہے جبکہ ساؤتھ افریقہ میں پاکستانی ہائی کمیشن اہل وطن کو خدمات دینے کی بجائے خوار کررہاہے ، ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنماامانت علی تارڑ کا کہنا تھاکہ پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے اسالم سیکر پاکستانیوں کو پاسپورٹ جاری نہ کرنا لمحہ فکریہ ہے جس کی وجہ ہزاروں پاکستانی ذلیل و رسوا ہورہے ہیں ، مرکزی صدر راجہ فخر حیات نے اپنے خطاب میں کہاکہ ایسوسی ایشن کے قیام سے پہلے یہاں ہمارے دینی ،قومی اور تاریخی دن خاموشی سے گزر جاتے تھے لیکن اب ایسوسی ایشن تمام ایام کو پروقار طریقے سے منانے کا اہتمام کرتی ہے اور تمام پاکستانی مل کر خوشی سے مناتے ہیں،ڈربن کے صدر آصف عباسی اور ڈاکٹر اختر حسین نے پاکستانی ہائی کمیشن کے جابرانہ رویے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ہائی کمیشن کا کا م اہل وطن کو متحد کرنا ان کے دکھوں کو خوشیوں میں تبدیل کرنا ہوتا ہے مگر یہاں ہمارا کوئی پرسان حال نہیں ہم میڈیا کی وساطت سے اعلیٰ حکومتی حلقوں تک یہ بات پہنچانا چاہتے ہیں وہ اس بات کا فوری نوٹس لیں تاکہ ساؤتھ افریقہ میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے مثبت اور واضع پالیسی مرتب کی جاسکے ۔

(جاری ہے)

تقریب میں ایسوسی ایشن کے مرکزی جنرل سیکرٹری خالقداد بھٹی پاکستانیوں کیلئے بہترین خدمات دینے والوں میں تعریفی اسناد تقسیم کیں جبکہ عمران اعوان اور دیگر قائدین نے یوم پاکستان کا کیک بھی کاٹا اختتام پر ملکی سلامی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔