پاکستان پیپلز پارٹی نے ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی

بدھ 30 مارچ 2016 16:25

اسلام آباد ۔ 30 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 مارچ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 4 اپریل کو 37 ویں برسی کے سلسلے میں تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے ۔ یہ بات بدھ کو صوبائی وزیر خوراک سید ناصر حسین شاہ نے ”اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 مارچ۔2016ء“ کو بتائی۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے سلسلے میں انتظامات مکمل کرنے کے لئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے اس سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی برسی میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری، پارٹی قائدین اور ہزاروں کارکنان شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر سیکورٹی کے جامع اقدامات کئے جائیں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سوشل میڈیا نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے سلسلے میں ویڈیو مقابلے کا اعلان بھی کیا ہے۔ تمام ویڈیوز ای میل کے ذریعے بھیجی جا سکتی ہیں۔ تین بہترین ویڈیوز کو پیپلز پارٹی کے سوشل میڈیا پیج کی والز پر لگایا جائے گا۔ فیس بک کے لئے ویڈیو کا وقت 3 سے 5 منٹ، ٹوئٹر کے لئے 30 سیکنڈ اور انسٹا گرام کے لئے 15 سیکنڈز ہے۔