لاہور‘ سی آئی اے کی کارروائی ، فائرنگ کے تبادلے میں 5دہشت گرد ہلاک

بدھ 30 مارچ 2016 15:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 مارچ۔2016ء) لاہور کے قریب رائے ونڈ روڈ پر سی آئی اے کی کارروائی ، فائرنگ کے تبادلے میں پانچ دہشت گرد ہلاک‘ بارودی مواد ، ٹائم ڈیوائسز ، ہینڈ گرنیڈ اور اسلحہ‘پنجاب اسمبلی کا نقشے بھی برآمدجبکہ پولیس اورحساس اداروں نے دو موریہ پل کے قریب کارروائی کرتے ہوئے چھ مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کرکے مزید تحقیقات کے لئے نا معلوم مقام پر منتقل کردیا‘علامہ اقبال ٹاؤن سے 23مشکوک افراد کوبھی پو لیس نے حراست میں لے لیا ۔

تفصیلات کے مطابق رائیونڈ روڈ پر آپریشن کے تناظر میں پولیس کا دہشتگردوں سے مقابلہ ہو گیا جس میں پانچ دہشتگرد مارے گئے ہیں مقابلہ رائے ونڈ روڈ پر واقع ایل ڈی اے ایونیو میں ہوا جہاں پولیس کے مطابق ہلاک ملزموں نے کرائے پر گھر حاصل کررکھا تھا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پولیس نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا تو ملزموں نے پولیس کی چھاپہ مار پارٹی پر فائرنگ شروع کردی جس پر پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی۔

دو طرفہ فائرنگ کا سلسلہ تقریباً دو گھنٹوں تک جاری رہا جس میں پانچ مشتبہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک کئے گئے ملزموں کے گلشن اقبال پارک دھماکے میں ملوث ہونے کا شبہ ہے کیونکہ ان کے قبضے سے گلشن اقبال پارک ، ریس کورس پارک، باغ جناح ، پنجاب اسمبلی نقشے ،اسلحہ، بارود، ٹائم ڈیوائسز اور ہینڈ گرنیڈ بھی برآمد ہوئے ہیں۔

پولیس نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ ملزموں نے رائے ونڈ روڈ پر واقع ایل ڈی اے ایونیو میں کرائے پر گھر حاصل کررکھا تھا جہاں مزید دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ہلاک کئے گئے تین مبینہ دہشت گردوں کی شناخت بھی کردی گئی ہے جن میں پنجاب کے علاقے شرقپور کا ناصر اقبال، پشاور کا خان وحید اور ایبٹ آباد کا جنید ظہور شامل ہیں، جبکہ دیگر دو کی شناخت ابھی باقی ہے۔

پولیس نے ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی۔حساس اداروں کی طرف سے لاہور اور گرد و نواح میں مشترکہ آپریشن کے دوران درجنوں افراد کو شناختی کوائف کی عدم دستیابی پر حراست میں لیا گیا ۔ پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران شہریوں کے شناختی کوائف اور مشکوک گاڑیوں کو بھی چیک کیا گیا ۔پولیس اورحساس اداروں نے دو موریہ پل کے قریب کارروائی کرتے ہوئے چھ مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔لاہورمیں دو موریہ پل کے قریب پولیس اورحساس اداروں کی جانب سے کارروائی کی گئی، کارروائی کے نتیجے میں 6 مبینہ دہشت گرد گرفتار کیے گئے جنہیں مزید تحقیقات کے لیے نامعلوم جگہ پرمنتقل کردیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :