ایرانی صدر کے دورہ پرنئے تجارتی معاہدوں سے ملکی خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا‘ محمد ندیم

بدھ 30 مارچ 2016 15:03

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 مارچ۔2016ء) آٹو ائیر کنڈیشننگ ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر ملک محمد ندیم نے ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کے موقع پر تجارتی معاہدوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی صدر کے دورہ کے موقع پر نئے تجارتی معاہدوں سے ملکی خوشحالی کے نئے دور کا آغا ز ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کا ہمسائیہ ملک ہے اس لیے ایران سے تجارت بڑھانا ملکی مفاد میں اور وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

ایرانی بارڈر پر سامان کی آمدورفت کے نئے پوائنٹس کھلنے سے اور ایران کی جانب سے اقتصادی راہداری میں شمولیت کی خواہش سے تیز ترین ذرائع آمدورفت سے پاکستانی مصنوعات کی کھپت کیلئے نئی منڈیوں تک رسائی میں آسانی ہوگی اور تجارتی سرگرمیاں بڑھنے کے ساتھ ساتھ ملکی برآمدات میں اضافہ کے ساتھ ساتھ حکومت کے زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوگا ۔

(جاری ہے)

ملک محمد ندیم نے کہا کہ ایران سے ہماری تجارت250ملین ڈالر ہے جبکہ بھارت اور متحدہ عرب امارات سے اس کی تجارت اربوں ڈالر میں ہے اس لیے ایران سے تجارت بڑھانی وقت کی اہم ضرورت ہے اس طرح ملک میں ایرانی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا انہوں نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ کی راہ میں حائل رکاوٹیں بھی دور کرکے پاکستان میں پائپ لائن بچھانے کا کام جلد مکمل کیا جائے کیونکہ ایرانی گیس سے توانائی بحران کے خاتمہ میں بھی مدد ملے گی انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان سٹریٹجک تجارتی معاہد ملک میں خوشحالی و ترقی کے نئے دور کا آغاز ثابت ہونگے۔