امریکہ میں دو روزہ جوہری سلامتی کانفرنس کل شروع ہو گی

میزبانی امریکی صدر باراک اوبامہ کرینگے، کانفرنس میں کئی عالمی لیڈروں کی شرکت متوقع ، وزیراعظم نوازشریف کے دورہ منسوخ ہونے کے بعد پاکستان کی نمائندگی طارق فاطمی کرینگے

بدھ 30 مارچ 2016 13:43

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 مارچ۔2016ء) امریکہ میں دو روزہ جوہری سلامتی کانفرنس کل جمعرات سے شروع ہو گی ،جس کی میزبانی امریکی صدر باراک اوبامہ کرینگے ، پاکستان کی نمائندگی طارق فاطمی کرینگے ، کانفرنس میں کئی عالمی لیڈروں کی شرکت متوقع ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق امریکی صدر باراک اوبامہ کی میزبانی میں جوہری سلامتی کے موضوع پر دو روزہ عالمی کانفرنس واشنگٹن میں آج سے شروع ہورہی ہے کانفرنس میں کئی عالمی لیڈروں کی شرکت متوقع ہے جبکہ وزیراعظم پاکستان نوازشریف نے کانفرنس میں شرکت کرنا تھی تاہم سانحہ گلشن اقبال پارک کی وجہ سے وہ نہیں جاسکیں گے اور ان کا دورہ ملتوی کردیا گیا جس کے بعد ان کی جگہ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی پاکستان کی نمائندگی کریں گے ۔

براعظم ایشیاء سے واشنگٹن پہنچنے والوں میں چین اور کوریا کے صدور کے علاوہ جاپانی اور بھارتی وزیراعظم بھی شامل ہوں گے ۔ جمعرات کو اوبامہ اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات کریں گے ، کئی عالمی لیڈروں کے درمیان اس دو روزہ کانفرنس کے موقع پر خصوصی ملاقاتیں متوقع ہیں توقع ہے کہ کانفرنس میں بحیرہ جنوبی چین کے تنازعہ اور کوریائی جزیرہ نماء کے دونوں ملکوں کے درمیان پائی جانیوالی کشیدگی کو مرکزی اہمیت حاصل رہے گی