امریکی کانگر س کی کی لاہور میں بم دھماکے میں جاں بحق افراد کے پسماندگان سے تعزیت ‘ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا

بدھ 30 مارچ 2016 13:36

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 مارچ۔2016ء) امریکی کانگر س کی رکن کیرولین میلونی نے لاہور میں بم دھماکے میں جاں بحق افراد کے پسماندگان سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے اور کہا ہے کہ دہشت گردی کے حملے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عالمی برادری کا حوصلہ پست نہیں کرسکتے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کیرولین میلونی اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کے زیر انتظام سانحہ لاہور میں شہید ہونے والے افراد کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔

کیرولین میلونی نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو اظہار افسوس کیلئے پھول پیش کئے ۔ کیرولین میلونی نے کہا کہ امریکی صدر اور دفتر خارجہ نے لاہور سانحے کی مذمت کی ہے اور وہ ذاتی طور پر پاکستان کے عوام سے اظہار افسوس کرنا چاہتی ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ ایسے افسوسناک واقعات دہشت گردی کے خلاف پاکستانی عوام اور افواج کے عزم کو کم نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے ، انہوں نے کہا کہ دینا بھر سے عالمی رہنماوں نے سانحہ لاہور کی مذمت کی ہے اور پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور آج رکن کانگرس کی یہاں موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری عالمی برادری پاکستان کے ساتھ ہے۔ اس موقع پر شہید ہونے افراد کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔