فوجی عدالت سے سزایافتہ مزید 2 دہشت گردوں کو پھانسی دے دی گئی

بدھ 30 مارچ 2016 13:21

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 مارچ۔2016ء )سانحہ لاہور کے بعد ملک بھر میں دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آ گئی،فوجی عدالتوں سے سزائے موت پانے والے2 دہشت گردوں کو کوہاٹ کی ڈسٹرکٹ جیل میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کو ڈسٹرکٹ جیل کوہاٹ میں قید محمود اور رب نواز کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے سرگرم کارندے تھے۔

(جاری ہے)

دونوں مجرم دہشت گردی کی کئی وارداتوں میں ملوث تھے اور انہیں فوجی عدالت نے پھانسی کی سزا سنائی تھی۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی جانب سے توثیق کے بعد دونوں دہشت گردوں کی سزائے موت پر عمل درآمد کیا گیا۔ واضح رہے کہ سانحہ پشاور کے بعد سیاسی جماعتوں نے اتفاق رائے کے تحت آئین میں ترمیم کرکے فوجی عدالتوں کے قیام کی راہ ہموار کی تھی تاکہ دہشت گردوں کے خلاف مقدمات کو جلد سناجائے، اب تک ان عدالتوں نے درجنوں دہشت گردوں کو سزائیں سنائی ہیں۔ایک اور نجی ٹی وی کے مطابق پھانسی پانے والوں میں ایک کا تعلق میر علی اور دوسرے کا تعلق بونیر سے تھا۔