ٹیکسٹائل نمائش 7اپریل سے کراچی میں شروع ہو گی

بدھ 30 مارچ 2016 13:07

فیصل آباد۔30 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 مارچ۔2016ء )پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی عظیم الشان و منفرد ٹیکسٹائل نمائش 7اپریل بروز جمعرات سے کراچی کے ایکسپو سنٹر میں شروع ہو گی جبکہ 10اپریل بروز اتوار تک جاری رہنے والی اس ایکسپو میں فیصل آباد سمیت ملکی و غیر ملکی ٹیکسٹائل سیکٹر اور امپورٹ و ایکسپورٹ کے شعبہ سے وابستہ تاجر و سرمایہ کار بڑی تعداد میں شرکت کریں گے نیز مذکورہ ٹیکسٹائل ایکسپو صنعتی ،کاروباری ، تجارتی ، درآمدی ، برآمدی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی جس سے برآمدی اہداف بھی پورے کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

(جاری ہے)

ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ذرائع نے بتایاکہ حکومت صنعتی و کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ جی ایس پی پلس کی سہولت سے بھر پور استفادہ یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے بتایاکہ ٹیکسٹائل ایکسپو سرمایہ کاروں کیلئے پاکستانی ٹیکسٹائل سیکٹر میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع فراہم کرنے کا بھی پیش خیمہ ثابت ہو گی۔