لاہور دھماکے سے دہشت گردی کیخلاف ٹھوس اقدامات کی ضرورت واضح ہوگئی ،امریکہ

بدھ 30 مارچ 2016 11:22

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 مارچ۔2016ء ) امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے کہاہے کہ لاہور دھماکے سے دہشت گردی کیخلاف ٹھوس اقدامات کی ضرورت واضح ہوگئی ، پاکستان میں صورت حال بہت تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، امریکا صورت حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے ، لاہور بم دھماکوں کے ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچانے میں پاکستان کی ہرممکن مدد کی جائے گی، اسلام آباد کے ساتھ مل کر خطے سے دہشت گردی کی لعنت کو ہمیشہ کیلئے ختم کردیا جائیگا امریکا بھارتی وزیراعظم سے جوہری نیوکلئر کانفرنس کے دوران را دہشت گردی سے متعلق پاکستان کے کہنے پر بات کرے گا۔

واشنگٹن میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے کہاکہ لاہور دھماکے سے دہشت گردی کیخلاف ٹھوس اقدامات کی ضرورت واضح ہوگئی ۔

(جاری ہے)

پاکستان میں صورت حال بہت تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، امریکا صورت حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ اس موقع پر ترجمان نے لاہور دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار اور دھماکے کی مذمت بھی کی،لواحقین سے تعزیت میں ان کا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کیساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور بم دھماکوں کے ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچانے میں پاکستان کی ہرممکن مدد کی جائے گی، اسلام آباد کے ساتھ مل کر خطے سے اس لعنت کو ہمیشہ کیلئے ختم کردیا جائیگا۔ اس موقع پر بھارتی را ایجنٹ کی جاری کردہ ویڈیو سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں ترجمان کا کہنا تھا کہ فی الحال وہ ایسی کسی رپورٹ سے آگاہ نہیں جس میں کہا گیا ہے کہ امریکا بھارتی وزیراعظم سے جوہری نیوکلئر کانفرنس کے دوران را دہشت گردی سے متعلق پاکستان کے کہنے پر بات کرے گا۔

متعلقہ عنوان :