سانگھڑ،سانحہ لاہور میں جاں بحق 6 افراد کی تدفین کر دی گئی،علاقے کی فضا سوگوار

بدھ 30 مارچ 2016 11:21

سانگھڑ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 مارچ۔2016ء ) سانحہ گلشن اقبال پارک لاہور میں جاں بحق ہونیوالے سانگھڑ کے رہائشی ایک ہی خاندان کے چھ افراد کو ان کے آبائی علاقے میں سپردخاک کر دیا گیا۔ متاثرہ خاندان کے سات افراد اب بھی لاہور کے مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔ سانگھڑ کے نواحی علاقے فقیر جی کھوئی کے رہائشی ایک ہی خاندان کے چھ افراد بھی سانحہ لاہور میں جاں بحق ہوئے۔

(جاری ہے)

جاں بحق افراد کی میتیں آبائی گاوٴں پہنچائیں گئیں۔ جہاں نماز جنازہ میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ ہر آنکھ اشکبارنظر آئی۔ ہر چہرہ ادادکھائی دیا۔ سانحے میں جاں بحق ہونیوالے فیض محمد ، ثمینہ، نجمہ، یاسمین، شہناز اور غلام حسین کی آبائی قبرستان میں تدفین کر دی گئی۔ دھماکے میں متاثرہ خاندان کے سات افراد زخمی بھی ہوئے جو لاہور کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔