ہم وقت گزارنے اور نمائشی اقدامات کے بجائے دیر پا ترقی پر یقین رکھتے ہیں،سنئیر صوبائی وزیر عنایت اللہ خان

منگل 29 مارچ 2016 23:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔29 مارچ۔2016ء) سینئر صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا و پارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ قدرتی ذرائع پیدا کرنے والے اضلاع کو رائیلٹی دینے کے فیصلے سے ان اضلاع کی تقدیر بدل جائے گی ۔ جنوبی اور شمالی اضلاع قدرتی وسائل سے مالا مال ہیں ۔ وہ اپنے دفتر میں مختلف وفو دسے بات چیت کر رہے تھے ۔

سینئر صوبائی وزیر عنایت اللہ خان نے کہا کہ صوبائی حکومت ایک طرف قدرتی وسائل سے مالامال اضلاع میں ان وسائل کی تلاش کا کا م تیز کر رہی ہے اور دوسری طرف دستیاب وسائل کو ان اضلاع ہی میں استعمال کرنے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آبی وسائل کو بھی زیر استعمال لایا جارہا ہے اور چھوٹے چھوٹے پن بجلی گھر بنا کر صوبہ کو بجلی میں خود کفیل بنایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت عوام کو حقیقی معنوں میں ترقی دینے کے منصوبہ پر عمل پیرا ہے اور اس کی اقدامات کے ثمرات آہستہ آہستہ سامنے آرہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہم وقت گزارنے اور نمائشی اقدامات کے بجائے دیر پا ترقی پر یقین رکھتے ہیں اور اسی کے لیے کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے کرپشن ،کمیشن اور بدعنوانی کے تمام دروازے بند کردیے ہیں۔

صوبے میں قیام امن اور عوام کے مسائل کا حل موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔بلدیات سمیت تمام محکموں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔عوامی مسائل کے حل کے اور سہولیات کی ان کی دہلیز پر فراہمی کے لیے صوبے میں نیا بلدیاتی نظام لا ئے ہیں جس سے پورا سسٹم تبدیل ہوگیا ہے ۔حکومت مختصر ، درمیانی اور طویل المعیاد پالیسیاں ترتیب دے کر ایک نئے دور کاآغاز کر دیا ہے