ایم کیوایم کے کارکنان دنیا بھر میں الطاف حسین کے فلسفے اور نظریئے پر کاربند ہیں، حیدر عباس رضوی

منگل 29 مارچ 2016 21:33

ٹورونٹو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 مارچ۔2016ء) ایم کیوایم کے۳۲ویں یومِ تاسیس کے موقع پر کینیڈا کے تمام بڑے شہروں میں اجتماعات منعقد ہوئے ۔اس سلسلے کے مرکزی اجتماعات ٹورونٹو اور کیلگری میں منعقد کیئے گئے جس میں پاکستان سے تشریف لائے ہوئے مرکزی قومی اسمبلی حیدر عباس رضوی نے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے پر مدلل خطاب میں تحریک پاکستان سے لے کر اب تک کی تاریخ اور اس میں ایم کیو ایم کے کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی اس کے ساتھ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ ایم کیو ایم کے کارکنان دنیا بھر میں قائدِ تحریک کے فلسفے اور نظریئے پر کاربنداور متحد ہیں ۔

اجتماعات سے ایم کیو ایم کینیڈا کے نگراں ڈاکٹر ندیم احسان نے بھی خطاب کیاور کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کی ۳۲سالہ جدوجہد قائدِ تحریک الطاف حسین کی قربانیوں اور تربیت کا مظہر ہے ۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کینیڈا کے سنٹرل آرگنائزر آصف قاضی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا بھر میں ایم کیو ایم کے ۳۲ ویں یوم تاسیس پر بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ الطاف حسین پر اعتماد کا مظہر ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کی حق پرستانہ جدوجہد کی راہ میں رکاوٹیں حائل کرنے والے باز آجائیں اور ماضی کے تجربات سے سبق حاصل کریں ۔ اس موقع پر گہوارہ ادب کینیڈا کی جانب سے انیس فاروقی نے منظوم خراجِ تحسین بھی پیش کیا ۔ ٹورونٹو میں تعینات پاکستان کے قونصل جنرل اصغر علی گولو نے بھی حاضرین سے خطاب فرمایا۔ کیلگری میں منعقد کی گئی تقریب میں بھی ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن حیدر عباس رضوی ، اور سنٹرل آرگنائزر آصف قاضی نے تقریب سے خطاب کیا اور تقسیم پاکستان ، ہجرت ، قربانیوں کا ذکر کیا اور کہا کہ دنیا کی تاریخ کی سب سے بڑی ہجرت کرنے والوں اور پچیس لاکھ جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں نے پاکستان بنایا تھا اور ہم اپنے حصہ کی زمین تو ساتھ لے کر آئے تھے لیکن اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق ہمارا حصہ ہمیں دیا نہیں گیا جس کے دنیا کے سات ممالک گواہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی مہاجرین آج تک اپنے حق کی جنگ لڑ رہے ہیں جب کہ ہندوستان میں ہجرت کرنے والوں کو ان کا حصہ فوری طور پر دے دیا گیا تھا۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے ذمہ داران، کارکنان ، ہمدردوں اور پاکستانیوں نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی ۔ یوم تاسیس کے اجتماع میں البرٹا کے وزیر برائے ہیومن سروسز عرفان صابر نے بھی شرکت کی اور تقریب سے خطاب کیا، ۔

اسی نوعیت کی ایک پرجوش تقریب مانٹریال اور ایڈمنٹن چیپٹرمیں منعقد کی گئیں ، رات گئے تک جاری رہنے والی تقریبات میں پارٹی کے ترانوں پر پرجوش نعرے بازی اور کارکنان نے یومِ تاسیس کا کھل کر جشن منایا ۔آخر میں ایک بار پھر قائد تحریک الطاف حسین سے تجدید عہد وفا کیا گیا اور اسکے بعد قائد تحریک کی صحت ‘درازی عمر اور صحت یابی اور تحریک کی راہ میں شہید ہونے والے تمام ساتھیوں اور ہمدردوں کی مغفرت کے لئے دعا کی گئی۔