انتہا پسندی اور دہشتگردی کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے صبر اور برداشت کے جذبے کے فروغ کی ضرورت ہے ،ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی

منگل 29 مارچ 2016 21:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 مارچ۔2016ء) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ ۲۳ مارچ انصاف و مساوات کے اصولوں جو کہ تخلیق پاکستان کا اصل مقصد ہے ، کے مطابق ملک کو ترقی دینے کے عزم کے اعادہ کا دن ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان سوسائٹی نارتھ ٹیکساس( پی ایس این ٹی ) کے زیر اہتمام ڈیلا س ٹیکساس میں ۲۳ ، مارچ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں امریکہ میں رہنے والے پاکستانیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر نے اس موقع پر امریکہ میں رہنے والی پاکستانی برادری کو مبارک باد دی ۔انہوں نے کہا کہ ۱۹۴۰ء کی قرار داد لاہو ر منظور ہونے کے بعد سات سال کے اندر پاکستان کی تخلیق ہمارے بانیاں کی عقل و دانش کامظہر ہے ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی بے داغ اور مد برانہ قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے خواب کی تعبیر پائی ۔

اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم پاکستان کوصحیح معنوں میں فلاحی ریاست بنائیں جس کا تصو ر علامہ محمد اقبال نے پیش کیا تھا ۔ڈپٹی اسپیکر نے جمہوریت کی مضبوطی ، معاشی استحکام اور دہشت گرد قوتوں کو شکست دینے میں پاکستانی عوام کی کوششوں کو اُجاگر کیا ۔ انہوں نے مضبوط معاشی و توانائی کے تعاون پر مشتمل مضبوط سٹرئیجک شراکت داری ، دفاع اور سیکیورٹی تعلقات اور عوامی سطح پر باہمی رابطوں کا حوالہ دیتے ہوئے پاک ۔

امریکہ تعلقات کا بھی جائزہ پیش کیا ۔ڈپٹی اسپیکرنے امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے پی ایس این ٹی کی خدمات کو سراہا۔انہوں نے بابا ئے قوم اور تحریک پاکستان کے دیگر قائدین جنہوں نے انتھک محنت ، حکمت اور بے مثال قربانیوں کے ذریعے قوم کو متحد کرتے ہوئے قیام پاکستان میں کردار ادا کیا کو خراج تحسین پیش کیا ۔ڈپٹی اسپیکر نے مزید کہا کہ پاکستان ایک طویل جمہوری تحریک کے نتیجے میں قائم ہوا تھا اور اب اس کا استحکام اور ترقی بھی جمہوریت میں پنہاں ہے اس لیے ضروری ہے کہ برداشت اور صبر کے فلسفہ جو جمہوریت کی بنیاد ہے کو فروع دیا جائے تا کہ قوم انتہا پسندی اور دہشت گردی کے موجودہ مسائل پر قابو پا سکے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ بد قسمتی سے دہشت گردی نے پاکستانی معاشرے کے تمام طبقات کو متاثر کیا ہے۔ دہشت گردوں نے تعلیمی اداروں ،عوامی مقامات حتیٰ کہ عبادت گاہوں کو بھی نہیں چھوڑا جس سے ان کی منفی اور تخریب کارانہ ذہنیت عیاں ہوتی ہے تاہم یہ اطمینان بخش امر ہے کہ پاکستانی قوم اس ناسور کے خلاف متحد ہے اور دہشت گردی کی تمام اقسام کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے اختلافات ختم کرکے ، بھائی چارہ اور برداشت کو فروغ دے کر یہ جنگ جیت سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے سلسلے میں ملک میں تعلیم کو فروغ دینا اور ترقی کے ثمرات معاشرے کے تمام طبقات تک منتقل کرناضروری ہے ۔ تقریب سے پی ایس این ٹی کے صدر ندیم زمان اور پی ایس این ٹی کے ممبر ایگزیکٹیو کمیٹی ، ڈاکٹر ہاشم حسین ہاشمی نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پرہوسٹن میں پاکستان کے قونصل جنرل بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :