سردارایازصادق سے رومانیہ کے ہم منصب کی ملاقات،دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

پاکستان اور رومانیہ کے مابین تعلقات کو مستحکم بنانے کیلئے پارلیمانی وفود کے تبادلوں کی ضرورت ہے،سپیکر قومی اسمبلی

منگل 29 مارچ 2016 21:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 مارچ۔2016ء) رومانیہ سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے رومانیہ کی پارلیمنٹ میں اپنے رومانیہ کے ہم منصب Mr. Valeriu Zgoneaسے ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سردار ایاز صادق رومانیہ کی پارلیمنٹ کے سپیکر کی دعوت پر دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینے اور دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں رابطوں کو فروغ دینے کیلئے رومانیہ کا دورہ کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق پہلے پاکستانی سپیکر ہیں جو رومانیہ کا دورہ کر رہے ہیں۔ امیدکی جاتی ہے کہ سپیکر کا دورہ رومانیہ ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور اس سے دونوں ممالک میں تعلقات کو فروغ دینے کی نئی راہیں ہموار ہو نگی۔

(جاری ہے)

سردار ایاز صادق نے اس موقع پر فرانس اور بلجیم میں ہونے والی حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے ان کے نتیجے میں ہونے والے قیمتی انسانی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی عالمی امن کے لئے ایک سنگین خطرہ ہے اور اس کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ سپیکر نے دونوں ممالک میں پارلیمانی اور تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے وافر مواقعوں کا حوالہ دیتے ہوئے رومانیہ کی تاجر برادری کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

سردار ایاز صادق نے رومانیہ کے سپیکر Mr. Valeriu Zgoneaکو دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کے وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کی یورپی منڈیوں تک رسائی کیلئے رومانیہ کے ساتھ تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔رومانیہ کے سپیکر Mr. Valeriu Zgonea نے لاہور میں ہونے والے حالیہ خود کش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں رومانیہ کی حکومت اور عوام پاکستان کے ساتھ ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کی جانوں سے خون کی ہولی کھیلنے والوں کو کسی صورت بچنا نہیں چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ رومانیہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی طرف سے پیش کی جانے والی قربانیوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا عزم کا اعادہ کرتے ہوئے Mr. Valeriu Zgonea نے کہا کہ رومانیہ بھی پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور اقتصادی و سماجی شعبوں میں تعاون کو فروغ دے کر موجودہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔انہوں نے خطے کے امن واستحکام اور عالمی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے پاکستان اور رومانیہ کے مابین مضبوط شراکت داری کی ضرورت پر زور دیا۔