استحکام مدارس واستحکام پاکستان کانفرنس کے التواء کا فیصلہ ،نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا

اسلام آباد میں عالمی کنونشن منعقد کیا جائے گا ،یکم اپریل کو یوم دعا کے طور پر منایا جائے گا‘ جامعہ اشرفیہ میں ہنگامی اجلاس میں فیصلہ

منگل 29 مارچ 2016 21:08

لاہور/اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 مارچ۔2016ء) وفاق المدار س العربیہ پاکستان کے قائدین نے سانحہ لاہور کے شہداء کے لواحقین سے اظہار یکجہتی اور ملک کی موجودہ نازک صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے استحکام مدارس واستحکام پاکستان کانفرنس کے التواء کا فیصلہ کیا ہے،نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا ،اسلام آباد میں عالمی کنونشن منعقد کیا جائے گا ،یکم اپریل بروزجمعہ کو یوم دعا کے طور پر منایا جائے گا ،ملک بھر میں ختم بخاری ،دستار فضیلت اور دیگر تمام پروگرام استحکام مدارس واستحکام پاکستان کے عنوان سے انعقاد پذیر ہوں گے ۔

تفصیلات کے مطابق وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی مجلس عاملہ کا ہنگامی اجلاس جامعہ اشرفیہ لاہور میں نائب صدر وفاق المدارس مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر کی صدارت میں منعقدہ ہوا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مولانا محمد حنیف جالندھری جنرل سیکرٹری وفاق المدارس العربیہ پاکستان،مولانا انوا رالحق نائب صدر وفاق المدارس ،مولانا مشرف علی تھانوی خازن وفاق المدارس العربیہ،مولانا قاضی عبدالرشید ڈپٹی سیکرٹری جنرل وفاق المدارس ، مولانا حافظ فضل الرحیم مہتمم جامعہ اشرفیہ لاہور،حافظ اسعد عبید، مولانا مجیب الرحمن انقلابی سمیت دیگر علماء کرام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

اس موقع پر سانحہ لاہور کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں 3اپریل کو گلشن اقبال پارک علامہ اقبال ٹاوٴن لاہور میں منعقد ہونے والی عظیم الشان استحکام مدارس واستحکام پاکستان کانفرنس کے انعقاد کے حوالے سے غور وخوض کیا گیا ۔اجلاس کے بعد وفاق المدارس کے قائدین اور اکابر علماء کرام نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔قائدین وفاق المدارس نے کہا کہ کانفرنس کے حوالے سے ملک بھر میں ہونے والی تیاریوں ،جوش وخروش اور لاکھوں کی تعداد میں لوگوں کی متوقع شرکت کے باوجود ہم رضاکارانہ طور پر سانحہ لاہور کے شہداء کے لواحقین سے اظہار یکجہتی اور ملک کی موجودہ نازک صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کانفرنس کے التواء کا اعلان کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا وفاق المدارس کی مجلس عاملہ لاہور کے سانحے پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرکے ان عناصرکی بھرپور مذمت کرتی ہے جو اس طرح کی درندگی کا ارتکاب کر کے نہ صرف بے گناہ خاندانوں کو اجاڑ رہے ہیں بلکہ ملت اسلامیہ کی پیٹھ میں خنجر گھونپ کر تمامتر فائدہ مسلمانوں کی دشمن طاقتوں کو پہنچا رہے ہیں ۔اس موقع پر وفاق المدارس کے قائدین متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کے اظہار کے ساتھ ان کے درد میں برابر کے شریک ہیں اور یہ اعلان کرتے ہیں کہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیراہتمام 3اپریل کو گلشن اقبال پارک لاہور میں منعقد ہونے والی استحکام مدارس واستحکام پاکستان کانفرنس کو اس سانحے پر اظہارِ غم نیز شہداء کے خاندانوں اور سیکورٹی اداروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ملتوی کیا جا رہا ہے ۔

وفاق المدار س العربیہ پاکستان کے قائدین نے بلاتحقیق ایک بے گناہ شخص کو خود کش بمبار کے طورپر پیش کرنے اور دینی مدارس کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ اس حرکت کا ارتکاب کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دی جائے اور انہیں قوم کے سامنے بے نقاب کیا جائے،انہوں نے مطالبہ کیادینی مدارس کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ بند کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ امن وسلامتی اور ملکی حالات کی نزاکت کو پیش نظر رکھا اور ایک مرتبہ پھر ہم قومی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے کانفرنس کے فوری انعقاد کو موخر کررہے ہیں نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا ۔اس موقع پر وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے اعلان کیا کہ جلد اسلام آباد میں استحکام مدار س واستحکام پاکستان کے عنوان سے ایک عالمی کنونشن منعقد کیا جائے گا ۔

وفاق المدار س العربیہ پاکستان کے قائدین نے یکم اپریل بروز جمعہ کو یوم دعا کے طور پر منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کی تمام مساجد میں ائمہ وخطباء پاکستان میں امن وسلامتی کے قیام ،پاکستان اور دینی مدارس کے خلاف ہونے والی سازشوں کے حوالے سے خطاب کریں گے اور سانحہ لاہور کے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کی جائیں گی ۔

وفاق المدار س العربیہ پاکستان کے قائدین نے ملک بھر کے دینی مدارس کے ذمہ داران اور مساجد کے ائمہ وخطباء کے نام ہدایات جاری کیں کہ جس طرح مرکزی استحکام مدارس واستحکام پاکستان کانفرنس کے لیے تیاریاں کی گئیں اسی جوش وخروش سے اس کانفرنس کو سینکڑوں کانفرنسوں میں تبدیل کر دیا جائے اور اس سال ملک کے ہر گلی کوچے کی مسجد ومدرسہ میں ختم قرآن ،تقسیم انعامات اور دستار فضیلت کے اجتماعات کو استحکام مدارس واستحکام پاکستان کے عنوان سے منعقد کروا کر اجتماعیت اور قومی یکجہتی کا اظہا ر کیا جائے ۔

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے کانفرنس کی تیاریوں کے لیے شبانہ روز محنت کرنے والے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین،صوبائی ناظمین ،علاقائی مسوٴولین ،مدارس کے مہتممین ،اساتذہ وطلبہ اور مساجدکے ائمہ وخطباء اور دین کا درد رکھنے والے مسلمانوں کا خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔

متعلقہ عنوان :