کوئٹہ، بھتہ خوری کے 3ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر دس دس سال قید اور پانچ پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا

منگل 29 مارچ 2016 20:20

کوئٹہ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 مارچ۔2016ء) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کوئٹہ IIکے جج جناب نوروز خان ہوت نے بھتہ خوری کے مختلف مقدمات میں نامزد 3ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر دس دس سال قید اور پانچ پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی مذکورہ ملزمان کو اسلحہ رکھنے کاجرم ثابت ہونے پر مزید پانچ ،پانچ سال قید اور50,50ہزار روپے جرمانہ اداکرنے کابھی حکم دیاگیا استغاثہ کے مطابق ملزمان ارشد علی ،خالد محمود اور محمداکرم BK(بی کے)گروپ کے نام سے کوئٹہ کے مختلف وسطی اور نواحی علاقوں میں تجارت سے وابستہ افراد کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیکر بھتہ وصول کرتے تھے جن کیخلاف کوئٹہ کے تھانہ گوالمنڈی،قائد آباد،زرغون آباد اور تھانہ بروری میں شکایات پر 6مختلف مقدمات درج کئے گئے اورچالان عدالت ہذاء میں پیش کیاگیا گزشتہ روز بھتہ خوری کاجرم ثابت ہونے پر مذکورہ ملزمان کو عدالت نے دس دس سال قید اورپانچ پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی عدم ادائیگی جرمانے کی صورت میں ملزمان کومزید دو دوسال قیدبھگتناہوگی عدالت کے جج نے ملزمان ارشد علی ،خالد محموداورمحمداکرم کو غیرقانونی اسلحہ رکھنے کاجرم ثابت ہونے پر مزید پانچ پانچ سال قید اور50,50ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی سرکار کی طرف سے مقدمات کی پیروی اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر تیمور شاہ کاکڑ نے کی ۔

متعلقہ عنوان :