سپیکر قومی اسمبلی کا پاکستان اور رومانیہ کے مابین تعلقات کو مستحکم بنانے کیلئے پارلیمانی وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور

منگل 29 مارچ 2016 19:15

اسلام آباد/بخارسٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 مارچ۔2016ء ) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان اور رومانیہ کے مابین تعلقات کو مستحکم بنانے کیلئے پارلیمانی وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہاہے کہ پاکستانی مصنوعات کی یورپی منڈیوں تک رسائی کیلئے رومانیہ کے ساتھ تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ، فرانس اور بیلجیم میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعات قابل مذمت ہیں۔

منگل کو رومانیہ سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے رومانیہ کی پارلیمنٹ میں اپنے رومانیہ کے ہم منصب ولیریو زونیا سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سردار ایاز صادق رومانیہ کی پارلیمنٹ کے سپیکر کی دعوت پر دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینے اور دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں رابطوں کو فروغ دینے کیلئے رومانیہ کا دورہ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق پہلے پاکستانی سپیکر ہیں جو رومانیہ کا دورہ کر رہے ہیں۔ امیدکی جاتی ہے کہ سپیکر کا دورہ رومانیہ ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور اس سے دونوں ممالک میں تعلقات کو فروغ دینے کی نئی راہیں ہموار ہو نگی۔ سردار ایاز صادق نے اس موقع پر فرانس اور بیلجیم میں ہونے والی حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے ان کے نتیجے میں ہونے والے قیمتی انسانی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی عالمی امن کے لئے ایک سنگین خطرہ ہے اور اس کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ سپیکر نے دونوں ممالک میں پارلیمانی اور تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے وافر مواقعوں کا حوالہ دیتے ہوئے رومانیہ کی تاجر برادری کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

سردار ایاز صادق نے رومانیہ کے سپیکر ولیریو زونیا کو دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کے وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کی یورپی منڈیوں تک رسائی کیلئے رومانیہ کے ساتھ تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔رومانیہ کے سپیکر ولیریو زونیا نے لاہور میں ہونے والے حالیہ خود کش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں رومانیہ کی حکومت اور عوام پاکستان کے ساتھ ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کی جانوں سے خون کی ہولی کھیلنے والوں کو کسی صورت بچنا نہیں چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ رومانیہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی طرف سے پیش کی جانے والی قربانیوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ولیریو زونیانے کہا کہ رومانیہ بھی پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور اقتصادی و سماجی شعبوں میں تعاون کو فروغ دے کر موجودہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔انہوں نے خطے کے امن واستحکام اور عالمی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے پاکستان اور رومانیہ کے مابین مضبوط شراکت داری کی ضرورت پر زور دیا۔