جب تک سہولت کاروں اور سرپرستوں پر ہاتھ نہیں ڈالا جاتا اسوقت تک دہشت گردی روکنا مشکل ہے عوامی نیشنل پارٹی

منگل 29 مارچ 2016 18:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 مارچ۔2016ء) عوامی نیشنل پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر زاہد خان نے کہا ہے کہ جب تک سہولت کاروں اور سرپرستوں پر ہاتھ نہیں ڈالا جاتا اسوقت تک دہشت گردی روکنا مشکل ہے‘ افواج پاکستان، قومی سلامتی کے ادارے اور حکومت ایک ہوکر دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرسکتے ہیں، میڈیا کو اظہار ائے کی آزادی سے روکنے والوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے۔

منگل کو لاہور واقعے،اسلام آباد دھرنے اور قوم سے وزیراعظم کے خطاب کے حوالے سے جاری بیان میں سینیٹر زاہد خان نے کہا کہ لاہور کے وحشیانہ دہشت گردی کے واقعہ، اسلام آباد میں شاہراہ دستور پر قبضہ اور کراچی میں میڈیا پر حملے ایک ہی سلسلے کی کڑی ہیں ‘حکومت اور متعلقہ اداروں کو چاہے کہ وہ سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے بننے والے قومی ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد کرے تا کہ دہشت گردی ‘انتہا پسندی اور بدامنی کا خاتمہ ہوسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے دہشت گردی کے روک تھام کے لیے اپنے تمام تر وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو جڑ سے ا کھاڑنے کیلئے عملی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہے۔سینیٹر زاہد خان نے کہا ہے کہ میڈیا کو اظہار ائے کی آزادی سے روکنے والوں کے خلاف بھی وزیر داخلہ سخت ایکشن لیں تا کہ جمہوریت کے خلاف ہونے والی سازشوں سے نمٹا جاسکے۔زاہد خان نے اپنے بیان میں مطالبہ کیا ہے کہ افواج پاکستان، قومی سلامتی کے ادارے حکومت یکسو ہو کر دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے سخت ترین اقدامات اٹھائیں۔