نوجوانوں کو ہنرمند بنانے سے ملک ترقی کرے گا

بیروزگاری کے خاتمہ اور نئی نسل کو جرائم سے بچانے کیلئے قومی ہنرمند میلہ سنگ میل ثابت ہو گا ذوالفقار احمد چیمہ

منگل 29 مارچ 2016 18:00

لاہور۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 مارچ۔2016ء) نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرذوالفقار احمد چیمہ نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی سکلز ڈویلپمنٹ کا مقصد انہیں جرائم سے بچانا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جرائم سے بچانے اور انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کے لئے قومی ہنرمند میلہ سنگ میل ثابت ہو گا نوجوانوں کو ہنرمند بنانے سے ملک ترقی کرے گا اور بے روزگاری پر قابوپانے میں مدد ملے گی۔

وہ منگل کو نیوٹک ،ٹیوٹااور برٹش کونسل کے زیر اہتمام یہاں ایکسپو سنٹر میں ”پاکستان سکلز میلہ 2016“کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کی جانب سے صوبائی سطح پر ہنرمندی کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں نوجوانوں طالب علموں عام شہریوں صنعتکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بہترین تکنیکی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے والے ہنرمند نوجوانوں میں انعامات تقسیم کئے گئے جس میں پہلا انعام پچاس ہزار روپے دوسرا 30 ہزار اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو 20ہزار نقد انعام دیا گیا۔اس موقع پر مختلف کمپنیوں نے اپنے اسٹالز لگائے اور ہنرمند نوجوانوں کو موقع پر ہی ملازمت کی پیشکش کی گئی۔نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے اس اقدام کو طالب علموں نے بے حد سراہا اور ان میں تکنیکی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا نیا جذبہ پیدا ہوا۔

نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ نے کہا کہ نوجوان کی ہنرمندی سے ہی ملک سے بے روزگاری اور غربت کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے نیوٹیک کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ نیوٹیک قومی سطح پر پالیسی ساز ادارہ ہے جو تمام صوبائی اداروں کے لئے ریگولیٹری اتھارٹی کی حیثیت رکھتا ہو۔ یہ ادارہ عالمی مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر تربیتی نصاب وضع کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں ہونے والی ٹیکنیکل ٹریننگ کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کے لئے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی ہنر میلے کے انعقاد سے نوجوانوں کا ملک بھر میں ہنر متعارف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں پاکستانی ہنرمندوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :