وزارت کیڈ وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل کرنے کے لئے ضروری اقدامات کر رہی ہے، حکام

منگل 29 مارچ 2016 17:43

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 مارچ۔2016ء) وزارت کیپیٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن (کیڈ) آئندہ آٹھ ماہ میں وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل کرنے کے لئے ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعظم کے وژن کے مطابق ان تعلیمی اداروں کو پورے ملک کے لئے رول ماڈل بنایا جائے گا۔ وزارت کیڈ کے حکام نے ”اے پی پی“ کو بتایا کہ ہمارا اصل مقصد وزیراعظم کے تعلیمی اصلاحات پروگرام کے ذریعے تعلیم کو معیاری اور بہتر بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اس سلسلے میں سکولوں کی عمارتوں کو بہتر بنا رہی ہے۔ جدید سہولیات سے آراستہ کر کے تعلیمی ماحول کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی نظامت تعلیم نے میرٹ کی بنیاد پر 2300 اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ کی بھرتی کے لئے عمل شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اساتذہ کو جدید تدریسی طریقوں سے روشناس کرانے کے لئے تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا جائے گا کیونکہ کوالیفائیڈ اساتذہ کے بغیر معیاری تعلیم کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ 22 سکولوں اور کالجوں کی اپ گریڈیشن مکمل ہو گئی ہے۔ مزید 200 سکولوں کی اپ گریڈیشن پر کام ہو رہا ہے جبکہ باقی 200 سکولوں کی اپ گریڈیشن پر کام آئندہ 18 ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا۔ ان تعلیمی اداروں کی عمارتوں، لیب، لائبریریوں، فرنیچر، واش رومز، کلاس رومز، کینٹین، کمپیوٹر لیب، ٹرانسپورٹ کو بہتر بنایا جائے گا جبکہ مونٹیسوری کلاسوں کا بھی اضافہ اس میں شامل ہے جس کے لئے تربیت یافتہ اساتذہ، عملہ اور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔