آرمی چیف کی ہدایت پررینجرز اور حساس ادارے کا بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ،713 مشتبہ افراد گرفتار

منگل 29 مارچ 2016 12:54

لاہور،فیصل آباد، سیالکوٹ ،ملتان ،حسن ابدال،(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔29 مارچ۔2016ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ہدایت پر رینجرز اور حساس ادارے کے اہلکاروں نے گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران راج گڑھ سمیت پنجاب بھر میں کارروائی کرتے ہوئے سانحہ گلشن اقبال پارک کے 3 مبینہ سہولت کاروں سمیت کم ازکم713 مشتبہ افراد کوحراست میں لے لیا ،گرفتار شدگان میں60 غیرملکی ،117افغان باشندے اور کالعدم تنظیموں کے کارندے شامل ہیں،دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے قبضے سے اہم دستاویزات بھی برآمد کرلی گئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور کے علاقے راج گڑھ میں رینجرز اور حساس ادارے کے اہلکاروں نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ تینوں ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں ملزمان 2 روز قبل گلشن اقبال پارک میں ہونے والے خودکش دھماکے میں ملوث اور دہشت گردوں کے سہولت کار ہیں، ملزمان کے قبضے سے اہم دستاویزات بھی برآمد ہوئی ہیں۔

دوسری جانب آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ہدایت پر پنجاب میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے ، حسن ابدال میں فورتھ شیڈول میں شامل کالعدم تنظیم کے چھ کارکن گرفتار کر لئے گئے ، رحیم یار خان سے سرچ آپریشن کے دوران چونتیس جبکہ قصور سے اٹھارہ مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار افراد کے قبضے سے اسلحہ بارود بھی برآمد ہوا۔ لاہور کے سانحہ گلشن اقبال کے بعد صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں امن دشمنوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ہدایت پر پنجاب بھر میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن جاری ہے۔ دوران آپریشن دہشتگردوں سمیت سیکڑوں مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جن کے قبضے سے بھاری اسلحہ بھی بر آمد ہوا۔ آپریشن میں پاک فوج اور رینجرز کے اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت دو روز میں دو اجلاس ہوئے۔

اتوار کی رات سے اب تک لاہور ، فیصل آباد اور ملتان میں حساس اداروں نے خفیہ اطلاعات پر 5 آپریشن کئے۔ فیصل آباد سے کارروائی کے دوران 80 سے زائد مشتبہ افراد حراست میں لئے گئے۔ گوجرانوالہ سے 200 سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ سیالکوٹ میں 60 غیرملکیوں سمیت 250 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ میانوالی سے متعدد دہشت گرد گرفتار کر کے اسلحہ اور گولہ بارود برا?مد کر لیا گیا۔

بہاولپور کے علاقے احمد پور شرقیہ سے بھی کالعدم تنظیم کا کارندہ پکڑا گیا۔ بھکر کے علاقے کلور کوٹ میں پولیس نے دس مشتبہ افراد حراست میں لے لئے۔ جہلم ، خانیوال ، ننکانہ ، شیخوپورہ اور مظفر گڑھ سے بھی گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔ گرفتار افراد کی اکثریت کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے جنوبی پنجاب میں دہشتگردوں کی پناہ گاہیں ہیں جن کو نشانہ بنانے کے لئے سی ٹی ڈی ، پولیس اور حساس اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں۔ سیکورٹی اداروں نے 117 افغان باشندوں اور فورتھ شیڈول میں شامل 63 افراد کی نگرانی مزید سخت کر کے متعدد کو حراست میں لے لیا ہے۔

متعلقہ عنوان :