تقریر نے ثابت کردیانوازشریف کی سیاست لاہور سے باہر نہیں نکلی،حاجی عدیل

وزیراعظم منتخب ہونے کے باوجود نوازشریف خود کو ملک کا وزیراعظم نہیں بنا سکے، سیاست صرف پنجاب اور وفاق تک محدود ہے،آن لائن سے خصوصی گفتگو

پیر 28 مارچ 2016 22:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 مارچ۔2016ء) عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما وسابق سینیٹر حاجی عدیل نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں نوازشریف نے اپنی تقریر سے ثابت کردیا ہے کہ انکی سیاست لاہور سے باہر نہیں نکلی ہے،وزیراعظم کے عہدے پر منتخب ہونے کے باوجود وہ اپنے آپ کو ملک کا وزیراعظم نہیں بنا سکے ہیں،ان کی سیاست صرف پنجاب اور وفاق تک محدود ہے،پنجاب میں آپریشن سے ہی ملک میں دہشتگردی ختم ہوگی،وزیراعظم نے اپنی تقریر سے قوم کو مایوس کیا ہے جبکہ ان کے خطاب سے ایسا لگتا تھا کہ وہ ابہام اور ذہنی کوفت کا شکار ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو آن لائن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں دہشتگردوں کے عسکری ونگ موجود ہیں،ان کے خلاف آپریشن نہ کرکے رائیونڈ کی جماعت رائیونڈ تک محدود رہ گئی ہے۔

(جاری ہے)

کے پی کے،سندھ اور بلوچستان دہشتگردی کے واقعات میں لہولہان ہوگئے ہیں لیکن وزیراعظم کے چہرے پر پریشانی دکھائی نہیں دی،اب کی بار پریشانی کی وجوہات کچھ اور ہیں جو کہ آہستہ آہستہ سامنے آجائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور آرمی پبلک سکول،باچہ خان یونیورسٹی جیسے بڑے بڑے واقعات پر وزیراعظم نے قوم سے خطاب نہیں کیا اور ساحہ لاہور گلشن اقبال پارک کے واقعہ کے فوراً بعد قوم سے خطاب کیا کیونکہ ان کے سارے ووٹرز پنجاب میں ہیں جن کی ہمدردیاں حاصل کرنا چاہتا ہے۔وزیراعظم کا قوم سے خطاب پرانی باتوں پر مشتمل تھا جس میں کوئی نئی بات نہیں تھی اور ایسا لگتا ہے کہ جیسے ان کے پاس کوئی جامع منصوبہ بندی نہیں ہے،ان کی تقریر سے ابہام اور ذہنی کوفت نظر آرہا تھا۔(ولی)