وزیراعظم نواز شریف نے دورہ امریکا منسوخ کر دیا، طارق فاطمی جوہری سلامتی کانفرنس پاکستان کی نمائندگی کریں گے

دفتر خارجہ نے وزیراعظم کے دورے کی منسوخی کے حوالے سے باضابطہ آگاہ کردیا ہے،پاکستانی سفارتخانہ

پیر 28 مارچ 2016 22:37

واشنگٹن /اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 مارچ۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے سانحہ لاہور کے بعد اپنا دورہ امریکا منسوخ کر دیا انکی جگہ معاون خصوصی طارق فاطمی اب امریکا کا دورہ کریں گے جہاں وہ جوہری سلامتی سربرائی کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔اتوار کو امریکہ میں پاکستانی سفارتخانے کے ذرائع کاکہنا ہے کہ دفتر خارجہ نے وزیراعظم نواز شریف کے دورہ امریکا منسوخ کرنے سے متعلق آگاہ کردیا ہے ۔

وزیراعظم کی جگہ معاون خصوصی طارق فاطمی اب امریکا کا دورہ کریں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنے دورہ امریکا کے دوران جوہری سلامتی کانفرنس میں شرکت کرنا تھی۔ اس موقع پر ان کی اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے بھی ملاقات متوقع تھی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے سانحہ لاہور کی وجہ سے اپنا دورہ امریکا منسوخ کیا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ وزیراعظم خود سانحہ لاہور کی تحقیقات کی نگرانی کریں گے۔ دفتر خارجہ نے وزیر اعظم کے دورہ امریکہ کی منسوخی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ لاہور کی وجہ سے وزیر اعظم نے امریکہ کا دورہ منسوخ کیا۔ معاون خصوصی طارق فاطمی وزیر اعظم کی جگہ امریکہ جائیں گے ۔