منظم سازشی منصوبہ بندی کے تحت ایم کیوایم کو مسائل کی جڑ قرار دیاجارہا ہے، حق پرست رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی

پیر 28 مارچ 2016 22:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 مارچ۔2016ء) صوبائی اسمبلی کے حلقہ 115کی نشست پر نامزد حق پرست امیدوار فیصل رفیق کی انتخابی مہم جاری ہے ۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز لائینز ایریا ٹاؤن کی یوسی 9جٹ لینڈ لائن میں واقع اسلم راشن شاپ والی گلی ، یوسی 10سینٹرل جیکب لائن میں واقع شمیم بک ڈپو اور یوسی 11جیکب لائن کے عقب میں واقع علی ڈیکوریشن اور یوسی 7کے مقامات پر انتخابی کارنر میٹنگوں کا انعقاد کیا گیا جن سے امزد حق پرست امیدوار فیصل رفیق ، حق پرست رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی ، رکن سندھ اسمبلی، محمود عبد الرزاق اور ایم کیوایم سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین نے خطاب کیا ۔

اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے رکن عادل خان بھی موجود تھے ۔ کارنر میٹنگوں کے شرکاء کا جوش وخروش قابل دید تھا اور وہ قائدتحریک الطاف حسین اور ایم کیوایم کے حق میں فلک شگاف نعرے لگارہے تھے ۔

(جاری ہے)

کارنر میٹنگوں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے نامزد امیدوار فیصل رفیق نے کہاکہ ایم کیوایم کی پرامن اور جمہوری جدوجہد کو بعض قوتیں دوسرا رنگ اس لئے دے رہی ہیں کہ وہ ایم کیوایم کے عوامی مینڈیٹ کو کھلے دل سے تسلیم نہیں کرتی ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ ملک کے سیاسی اور جمہوری نظام میں ایم کیوایم جیسی پرامن اور جمہوریت پسند جماعت کے ساتھ کئے جانے والے سلوک کا ہر ذی شعور بخوبی جائزہ لے رہا ہے اور اس پر افسردہ ہے جبکہ ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ ایم کیوایم اور الطاف حسین کی قدر و قیمت جانی جاتی اور انہیں ان کے عوامی مینڈیٹ کے لحاظ سے حقوق فراہم کئے جاتے لیکن اس کے بجائے شروع دن سے ہی ایم کیوایم دشمن قوتوں نے سیاسی مفادات کی خاطر الطا ف حسین اورا یم کیوایم پر نت نئی پابندیاں عائد کرنے اور سازشیں کرنے کا سلسلہ شروع کررکھا ہے تاکہ کسی طرح بھی عوام کی الطاف حسین سے عقیدت و محبت کو ختم کیاجاسکے ۔

انہوں نے کہاکہ الطاف حسین نے مظلوم قومیتوں کو پہچان دی ہے وہ الطاف حسین کی برسوں سے جاری عملی جدوجہد میں ان کے شریک ہیں اور انہیں کوئی بھی سازش اور پروپیگنڈ ا گمراہ نہیں کرسکتا ہے ۔ حق پرست رکن قومی اسمبلی علی رضاعابدی نے کہاکہ شہر کراچی کی صورتحال شہریوں کے سامنے ہے ، کچرے اور گندگی کے ڈھیر ، پانی و بجلی اور روزگار کے مسائل نے شہریوں پر مزید بوجھ لادھ رکھا ہے جبکہ حکومت سندھ کراچی اور اس کے عوام کو صاف ستھرا ماحول کی فراہمی تک کیلئے تیار نہیں ہے اور شہرکراچی اور اس کے عوام کا بری طرح سے استحصال کررہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ایک منظم سازشی منصوبہ بندی کے تحت ایم کیوایم کو مسائل کی جڑ قرار دیاجارہا ہے جبکہ سیاسی جمہوری نظام کے تحت ایم کیوایم کو ملنے والے جائز مینڈیٹ کو تسلیم نہ کرکے اس کی نہ صرف حق تلفی کی جارہی ہے بلکہ عوامی مسائل بھی اضافہ کیاجارہا ہے اور ایسا تاثر پیدا کیاجارہا ہے کہ ایم کیوایم تمام مسائل کی جڑ ہے جبکہ عوام بخوبی دیکھ رہے ہیں کہ ایم کیوایم کو مسائل کے حل سے روکاجارہا ہے اور اس کے سیاسی اورجمہوری حقوق سلب کرلئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کارنر میٹنگ کے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ 7، اپریل 2016ء کو ہونے والے پی ایس 115کے ضمنی انتخاب میں نامزد حق پرست امیدوار فیصل رفیق کو بھاری اکثریت سے ووٹ دیکر کامیاب کرائیں اور پتنگ کے انتخابی نشان پر مہر ثبت کریں ۔