ہم پاکستان کے وفادارتھے اور وفادارہیں،ندیم نصرت

اگرہم را کے ایجنٹ ہوتے تو بھارت سے ہجرت کرکے پاکستان نہ آتے ،ملک کیلئے لاکھوں جانوں کی قربانی نہ دیتے ،رہنماء ایم کیو ایم

پیر 28 مارچ 2016 22:22

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 مارچ۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے کنوینرندیم نصرت نے کہاہے کہ ہم پاکستان کے وفادارتھے اوروفادارہیں، اسٹیبلشمنٹ کوایم کیوایم کا مینڈیٹ تسلیم کرناچاہیے اورمعاملات کے حل کے لئے قائدتحریک الطاف حسین سے بات کرناچاہیے اوریہ سمجھناچاہیے کہ قائدتحریک الطاف حسین ہی کروڑوں عوام کے لیڈر ہیں اورمنصوعی لوگوں کوسامنے لاناکروڑوں عوام کے مینڈیٹ کے ساتھ سراسرزیادتی ہے ۔

انہوں نے یہ بات ہفتہ کی شب ایم کیوایم برطانیہ کے زیراہتمام لندن کے علاقے ایجویئرکے مقامی ہال میں منعقدہ ایم کیوایم کے32ویں یوم تاسیس کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجتماع میں ایم کیوایم کے کارکنوں، کالجوں اوریونیورسٹیوں کے طلبہ وطالبات، نوجوانوں، بزرگوں، خواتین اوربچوں نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ندیم نصرت نے کہاکہ ایم کیوایم کے دشمن عناصر تمام تر سازشوں میں ناکامی کے بعد بے بنیادپروپیگنڈے کررہے ہیں، چند روزقبل قائدتحریک الطاف حسین کی علالت کی افواہیں پھیلائی گئیں لیکن18مارچ کویوم تاسیس کے موقع پرعوام نے خود دیکھاکہ الحمدﷲ قائدتحریک الطاف حسین صحت مند اورایکٹوہیں۔

انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کے خلاف 2013ء سے تازہ آپریشن جاری ہے ،اس دوران دومرتبہ نائن زیروپرچھاپہ ماراگیالیکن ایم کیوایم نے این اے 246کے ضمنی انتخابات میں شاندارکامیابی حاصل کی۔اسی طرح حالیہ بلدیاتی انتخابات میں بھی کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص اورسکھرمیں شاندارکامیابی حاصل کی جبکہ کراچی میں میئرکے عہدے کیلئے جماعت اسلامی اورپی ٹی آئی کے نامزدامیدوارایم کیوایم کے گمنام کارکنوں کے ہاتھوں بری طرح شکست کھاگئے۔

انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کامینڈیٹ تسلیم کرنے کے بجائے ایم کیوایم کوصفحہ ہستی سے مٹانے کی کوشش کی جارہی ہے ، ایک طرف توقائدتحریک الطاف حسین کے خطابات پرپابندی عائدکردی گئی ہے اوردوسری جانب ان لوگوں کولیڈربنانے کیلئے سرکاری سرپرستی میں سامنے لایاجارہاہے جنکے بارے میں خود اسٹیلشمنٹ کے ادارے چائناکٹنگ، ٹارگٹ کلنگ اوردیگرجرائم میں ملوث بتاتے تھے اورجنہیں عوام نے یکسرمستردکردیاہے۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے ایک رہنماکرکٹ میچ کے نام پر انڈیاجاتے ہیں اورکمنٹری کے نام پر چارکروڑروپے کماتے ہیں لیکن ان سے کوئی سوال کرنے والانہیں ہے، ایک پاکستانی فنکارانڈیا جاکر پاکستانی شہریت چھوڑکر بھارتی شہریت اختیار کرلیتاہے مگراس پرکوئی سوال نہیں کرتااسلئے کہ ان کاتعلق پنجاب ہے اوروہ فرزندزمین ہیں جبکہ ہم پرملک دشمنی کاالزام لگایاجارہاہے ۔

انہوں نے کہاکہ اگرہم را کے ایجنٹ ہوتے تو بھارت سے ہجرت کرکے پاکستان نہ آتے اورقیام پاکستان کیلئے لاکھوں جانوں کی قربانی نہ دیتے ۔ ہم پاکستان کے وفادارتھے اوروفادارہیں ۔ ندیم نصرت نے کہاکہ مسائل کوطاقت سے حل نہیں کیاجاسکتا، اسٹیبلشمنٹ کوایم کیوایم کامینڈیٹ تسلیم کرناچاہیے اورمعاملات کے حل کیلئے قائدتحریک الطاف حسین سے بات کرناچاہیے اوریہ سمجھناچاہیے کہ قائدتحریک الطاف حسین ہی کروڑوں عوام کے لیڈرہیں اورمنصوعی لوگوں کوسامنے لاناکروڑوں عوام کے مینڈیٹ کے ساتھ سراسرزیادتی ہے ۔

ندیم نصرت نے کہاکہ چاہے کیسے ہی الزامات لگائے جائیں مہاجروں اورتمام مظلوموں نے قائدتحریک الطاف حسین کواپناقائدبنالیاہے اورکوئی بھی پروپیگنڈہ ہمیں الطاف بھائی سے الگ نہیں کرسکتا۔ رابطہ کمیٹی کے رکن محمدانورنے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مہاجروں پر ماضی کی طرح ایک بارپھرایک بڑاچیلنج درپیش ہے، ایک بارپھرطاقت کے ذریعے مہاجروں کوغلام بنانے کی کوشش کی جارہی ہے اوراسی مقصدکیلئے مہاجروں پر ریاستی مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم پررا سے تعلق کاسراسرجھوٹااوربے بنیادالزام لگایاجارہاہے، ہم اس الزام کی سختی سے تردیدکرتے ہیں، اس الزام میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ مہاجرعوام ان پروپیگنڈوں کے مقاصد کواچھی طرح سمجھتے ہیں اسی لئے وہ ان منفی پروپیگنڈوں میں آنے والے نہیں ہیں۔محمدانورنے کہاکہ تمام تر مظالم ، سازشوں اورپروپیگنڈوں کے باوجود مہاجرعوام اوردیگرقومیتوں کے حق پرست عوام قائدتحریک الطاف حسین کی قیادت میں سیسہ پلائی دیوارکی طرح متحدہیں۔

رابطہ کمیٹی کے رکن اورایم کیوایم برطانیہ کے آرگنائزرڈاکٹرسلیم دانش نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قیام پاکستان کے وقت سے مہاجروں کے ساتھ زیادتیاں اورحق تلفیاں کی گئیں، ابتداء ہی میں مہاجروں کے قتل عام اورمہاجر آبادیوں پر حملوں کے ذریعے اندرون سندھ سے مہاجروں کونقل مکانی پرمجبورکیاگیا۔مہاجروں کے ساتھ تیسرے درجے کے شہریوں کاسلوک کیاجارہاہے، آپریشن کے دوران ہمارے ہزاروں ساتھیوں کو شہید کردیا گیا اورہمیں ہی قاتل اورظالم بناکرپیش کیاجارہاہے۔

ہم پررا کے بیہودہ الزامات لگائے جارہے ہیں،ہم پاکستان بنانے والے ہیں،پاکستان توڑنے والے نہیں، ہم پاکستان کے ساتھ جیناچاہتے ہیں اوراس کوقائم دیکھناچاہتے ہیں، ہمارے ساتھ دشمنوں جیسا سلوک بند کیاجائے ۔ڈاکٹرسلیم دانش نے کہاکہ شہری سندھ خصوصاًکراچی اپنے حقوق سے محروم ہے،کراچی جومہاجراکثریتی شہرہے اورجوقومی خزانے کو 70فیصدریونیودیتاہے وہ اپنے جائز حقوق سے محروم ہے ۔

بلدیاتی انتخابات ہوئے کئی ماہ گزرچکے ہیں لیکن ابھی تک میئرکے انتخابات نہیں کرائے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ یہ ظلم بند ہونا چاہیے ۔تقریب سے رابطہ کمیٹی کے رکن مصطفے عزیزآبادی،شعبہ خواتین انٹرنیشنل سیکریٹریٹ کی رکن محترمہ یاسمین نوین اور یوتھ ونگ کے رکن کنورواسع نے بھی اظہارخیال کیاجبکہ نظامت کے فرائض ایم کیوایم برطانیہ کی کمیٹی کے رکن محسن سعید نے انجام دیے ۔ تقریب کے اختتام پر یوم تاسیس کاکیک کاٹاگیا، ایم کیوایم کے شہیدکنوینرڈاکٹرعمران فاروق کی بیوہ شمائلہ عمران نے کیک کاٹا۔