دہشتگرد جان لیں ناکامی ،نامرادی ان کا مقدر بنے گی، وزیراعظم

اشتعال پھیلانے ٗ نفرتوں کی ہوا بھڑکانے ،عوام کیلئے مشکلات پیدا کر نیوالوں کو ضرور انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا ، ہماری نرمی کو ریاست کی کمزوری ،ریاستی اداروں کی بے بسی نہ سمجھایا جائے ،دہشتگرد ٗفتنہ سازہمیں طے کر دہ منزل کی طرف پیشقدمی سے نہیں روک سکتے ، اﷲ پر پختہ ایمان رکھتے ہیں ٗ اتحاد کیساتھ اپنا سفر جاری رکھیں گے عوام کے جان ومال کا تحفظ آئینی ذمہ داری ہے ٗپولیس ،قومی سلامتی کے اداروں کی جدوجہد ،عوام کی حمایت سے دہشتگردی میں نمایاں کمی آئی ،ٗانتہا پسندی ٗ فرقہ وارایت ٗ نفرتوں کو محبتوں میں بدلنے کی قسم کھائی ہے ٗ آپریشن ضرب عضب کے بڑے مقاصد حاصل کر لئے ، انشاء اﷲ مسکراہٹیں واپس آنے تک آرام سے نہیں بیٹھونگا ٗ میڈیا دہشتگردی ٗ انتہاء پسندی کیخلاف قوم کی آواز سے ہم آہنگ رہے ٗوزیر اعظم محمد نواز شریف کا قوم سے خطاب

پیر 28 مارچ 2016 22:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 مارچ۔2016ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے واضح کیا ہے کہ اشتعال پھیلانے ٗ نفرتوں کی ہوا بھڑکانے ٗ عوام کیلئے مشکلات پیدا کر نے والوں کو ضرور انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا ٗدہشتگرد جان لیں ناکامی اور نامرادی ان کا مقدر بنے گی ٗکوئی دہشتگرد ٗفتنہ سازہمیں طے کر دہ منزل کی طرف پیشقدمی سے نہیں روک سکتے ٗ اﷲ پر پختہ ایمان رکھتے ہیں ٗ اتحاد کے ساتھ اپنا سفر جاری رکھیں گے ٗ ہماری نرمی کو ریاست کی کمزوری اور ریاستی اداروں کی بے بسی نہ سمجھایا جائے عوام کے جان ومال کا تحفظ ہماری آئینی ذمہ داری ہے ٗپولیس اور قومی سلامتی کے اداروں کی جدوجہد اور عوام کی حمایت سے دہشتگردی میں نمایاں کمی آئی ہے ہم ان کو دوبارہ سر نہیں اٹھانے دینگے ٗانتہا پسندی ٗ فرقہ وارایت ٗ نفرتوں کو محبتوں میں بدلنے کی قسم کھائی ہے ٗ آپریشن ضرب عضب کے بڑے مقاصد حاصل کر لئے گئے ٗ انشاء اﷲ مسکراہٹیں واپس آنے تک آرام سے نہیں بیٹھوں گا ٗ میڈیا دہشتگردی ٗ انتہا پسندی کے خلاف قوم کی آواز سے ہم آہنگ رہے۔

(جاری ہے)

پیر کی شب ٹیلیوژن اور ریڈیو پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہاکہ میں آج ایسے موقع پر آپ سے مخاطب ہو ں جب سانحہ لاہور کے باعث ہر پاکستانی کا دل زخمی ہے اور پوری قوم رنج و غم میں مبتلا ہے گزشتہ چند ماہ کے دور ان پشاور ٗ شبقدر ٗ کوئٹہ ٗ مردان اوردوسرے مقامات پر بھی دہشتگردوں نے معصوم انسانوں کو نشانہ بنایا ۔انہوں نے کہاکہ مجھے اچھی طرح اندازہ ہے کہ دہشتگرد سافٹ ٹارگٹ کو نشانہ بناتے ہوئے کیا پیغام دینا چاہتے ہیں مجھے معلوم ہے کہ اپنی پناہ گاہوں ٗ تربیت گاہوں اور انفراسٹرکچر سے محروم ہوجانے کے بعد بچے کھچے عناصر اپنی ناکامیوں اور مایوسیوں کو چھپانے کیلئے کیونکر درسگاہوں ٗ تفریح گاہوں تک آ ن پہنچے ہیں ۔

وزیراعظم نے کہاکہ میں آج آپ کے سامنے اس عہد کی تجدید کیلئے حاضر ہوا ہوں کہ ہم شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب رکھ رہے ہیں یہ حساب چکایا جارہا ہے اورآخری قسط ادا ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔وزیر اعظم نے کہاکہ جون2013میں حکومت سنبھالنے کے بعد پہلے دن سے پختہ عہد کرلیا تھا انہوں نے کہاکہ افسوس 13 سال تک کسی نے بھی اس فتنے کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر نہیں دیکھا پہلی بار بھرپور سیاسی عزم کے ساتھ اپنے سفر کاآغاز کیا وزیر اعظم نوازشریف نے کہاکہ دہشتگردوں کے رویئے کے بعد آپریشن ضرب عضب کا فیصلہ کیاگیا مسلح افواج ٗ پولیس اور سول سکیورٹی اداروں نے اپنے لہو سے آپریشن کو پروان چڑھایا ٗوزیر اعظم نے کہاکہ آپریشن ضرب عضب کے بڑے مقاصد حاصل کر لئے گئے لیکن دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک ہمارا مشن جاری رہے گا۔

وزیر اعظم نے کہاکہ ہمارا دین امن ٗ سلامتی ٗ محبت اور اخوت کا دین ہے وہ دین جس نے ایک انسان کے قتل کو پوری انسانیت کا قتل قرار دیاہے ہم رسول مقبول ﷺ کے امتی ہیں جو تمام جہانوں کیلئے رحمت بن کر آئے ہیں جنہوں نے انسانیت کو حسن اخلاق ٗ حسن کردار اور حسن عمل کاسبق دیا اﷲ اور رسول ﷺکے نام پر لاقانونیت ٗ جلاؤ گھیراؤ ٗ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا اور بد امنی پھیلانا ٗمخلوق کیلئے مشکلات پیدا کر نا کسی طورپر قابل قبول نہیں ہے ۔

وزیر اعظم نے واضح کیا کہ ہماری نرمی کو ریاست کی کمزوری اور ریاستی اداروں کی بے بسی نہ سمجھایا جائے عوام کے جان ومال کا تحفظ ہماری آئینی ذمہ داری ہے اب تک حکومت نے صبر و تحمل کامظاہرہ کیا تاکہ معصوم لوگوں کے جذبات سے کھیلنے والے کامیاب نہ ہوں تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اشتعال پھیلانے ٗ نفرتوں کی ہوا بھڑکانے ٗ عوام کیلئے مشکلات پیدا کر نے والوں کو ضرور انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا ۔

وزیر اعظم نے کہاکہ آپ کو معلوم ہے کہ دہشتگردی ایک عالمی چیلنج بن چکا ہے یہ پاکستان کو درپیش نہیں دنیا بھر کو درپیش ہے دہشتگردی کی لہر کامظاہرہ حال میں انقرہ ٗ استنبول ٗ برسلز اور پیرس میں دیکھا ہے انسانیت کے دشمن ٗ اخلاقیات کی حدود سے نکل چکے ہیں انہوں نے کہاکہ پاکستان کی سرزمین انسانیت کے ان دشمنوں کیلئے تنگ کر دی گئی ہے ۔نواز شریف نے کہاکہ پچھلے تین سالوں کے دوران حکومت کے پختہ عزم ٗ مسلح افواج ٗ پولیس اور قومی سلامتی کے اداروں کی جدوجہد اور عوام کی حمایت سے دہشتگردی میں نمایاں کمی آئی ہے ہم ان کو دوبارہ سر نہیں اٹھانے دینگے ہم انہیں پاکستانیوں کی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دینگے۔

وزیر اعظم نواز شریف نے کہاکہ الحمد اﷲ میرا حکومت اورپاکستان کے عوام کاعزم ہے انشاء اﷲ کوئی دہشتگرد ہمارے دہشتگردی کے خلاف عزم میں شگاف نہیں ڈال سکتا ہے ۔وزیر اعظم نے واضح کیا کہ دہشتگرد یہ مت بھولیں کہ دہشتگردی کی بزدلانہ کارروا ئیاں عظیم پاکستانیوں کے پختہ ارادوں کو کمزور کرسکتی ہیں اور نہ ہی ہمارے قدم رو ک سکتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے غربت ٗجہالت اور پسماندگی سے لڑنے کی قسم کھائی ہے اندھیروں کو اجالوں میں بدلنے کی قسم کھائی ہے ٗ انتہا پسندی ٗ فرقہ وارایت ٗ نفرتوں کو محبتوں میں بدلنے کی قسم کھائی ہے ۔

وزیر اعظم نے کہاکہ کوئی دہشتگردٗ کوئی فتنہ سازہمیں طے کر دہ منزل کی طرف پیشقدمی سے نہیں روک سکتے ہم اﷲ تعالیٰ پر پختہ ایمان رکھتے ہیں ٗ اتحاد کے ساتھ اپنا سفر جاری رکھیں گے دہشتگرد جان لیں ناکامی اور نامرادی ان کا مقدر بنے گی ۔ نوازشریف نے کہاکہ آج پاکستان نئی منزلوں کی طرف بڑھ رہا ہے آرمی پبلک سکول ٗباچا خان یونیورسٹی شہداء کے لہو سے روشن ہے ہماری تفریح گاہوں اور بازاروں کی رونقیں کبھی ماند نہیں پڑیں گی نواز شریف نے کہاکہ ہم دہشتگردی سے متعلق تمام عوامل پرنگاہ رکھے ہوئے ہیں اور ان کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جارہاہے جن پر زیادہ توجہ دی جانی چاہیے تھی وزیر اعظم نواز شریف نے کہاکہ ہمارا عزم ٗ یقین ہماری ہمت بڑھا رہا ہے انشا ء اﷲ پاکستان کو امن ٗ ترقی و خوشحالی کا گہوارہ بنانے کا عظیم مشن جاری رکھیں گے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ تمام متعلقہ اداروں پر واضح کیاہے کہ دہشتگردوں کے مدد گار ٗ سہولت کار جہاں بھی جس بھیس میں چھپے ہوں نہیں بچ سکیں گے ۔وزیر اعظم نے کہاکہ لاہور کے شہداء کیلئے بلندی درجات اور ورثاء کیلئے صبر جمیل کی دعا مانگتا ہوں ٗ جاں بحق افراد کے والدین ٗماؤں ٗ بہنوں اور بیٹوں کے دکھ کو محسوس کیا جاسکتا ہے ۔وزیر اعظم نے کہاکہ انہوں نے پنجاب حکومت کو ہدایت جاری کر دی ہے کہ زخمیوں کے علاج میں کوئی کوتاہی نہ کی جائے ۔

انہوں نے کہاکہ لاہور کے ہسپتالوں میں زخمیوں سے ملا تو اندازہ ہوا ہے کہ ان کے حوصلے کس طرح بلند ہیں وہ زخمی ہونے کے باوجود بڑے مضبوط حوصلے میں تھے میرا عزم اور بھی مضبوط ہوا ۔انشاء اﷲ مسکراہٹیں واپس آنے تک آرام سے نہیں بیٹھوں گا ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے دھماکے کے زخمیوں کے بہتر علاج معالجے پر ڈاکٹرز کی کار کردگی کو سہراہتے ہوئے کہا کہ مریضوں کے منہ سے ان کی تعریف سنی ہے جنہوں نے خدا خوفی کا جذبہ رکھ کر علاج کیا ان کو شاباش ملنی چاہیے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ میڈیا سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ دہشتگردی ٗ انتہا پسندی کے خلاف قوم کی آواز سے ہم آہنگ رہیں ایسے عناصر کیلئے زندگی ہر میدان تنگ کر دیا جائے تاکہ ہماری منزل کا حصول آسان ہو جائے ۔