سینٹ کی قائمہ کمیٹی دفاعی پیدوارکا ہری پور میں نیشنل ریڈیو ٹیکنالوجی کارپوریشن ہیڈ کوارٹر کا دورہ

پیر 28 مارچ 2016 21:59

ہری پور ۔ 28 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 مارچ۔2016ء) سینٹ کی قائمہ کمیٹی دفاعی پیدوار نے ری ایکٹو جیمر کی پیدوار میں خودانحصاری حا صل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے مسلح افواج ضروریات کے حوالے سے خود کفیل ہوجائیں گی‘ این آر ٹی سی میں تیار ہونے والے یہ ری ایکٹو جیمر کسی بھی قسم کا ہدف سامنے آنے پر فعال ہوجاتے ہیں۔

پیر کو چیئرمین کمیٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم کی قیادت میں سینٹ کی قائمہ کمیٹی دفاعی پیدوار نے ہری پور میں نیشنل ریڈیو ٹیکنالوجی کارپوریشن (این آر ٹی سی) ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔این آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر بریگیڈیئر افتخار احمد نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ این آر ٹی سی حساس مقامات پر نصب ہونے والے ری ایکٹو جیمر کے منصوبے پر کام کر رہی ہے‘ اب تک منصو بے پر 80فیصد کام ہوچکا ہے ‘آئندہ آنے والے دو سے تین مہینوں میں ا س منصوبے پر کام مکمل ہوجائے گا ۔

(جاری ہے)

کمیٹی کے چیئر مین لیفٹیننٹ جنر ل(ر) عبدالقیوم نے این آر ٹی سی کی جانب سے بین الاقوامی معیار کے ری ایکٹو جمیر بنانے کے عمل کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس پر تیزی سے کام مکمل کیا جائے تا کہ مسلح افواج ایسے آلات کی ضروریات پوری ہوسکیں ۔انہوں نے این آر ٹی سی پر زور دیا کہ وہ آرمڈ فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ہیوی ڈیوٹی سولر چارجر بنائیں‘اس منصوبے کی منظوری اور دیگر امور کے حوالے سے کمیٹی اپنا بھرپور تعاون کریگی ۔

این آر ٹی سی کی تجویز پر کمیٹی کے چیئر مین عبدالقیوم نے این آر ٹی سی کے لیے خام مال درآمدی کے لیے خصوصی رعائیت دینے کی سفارش کی ۔جنرل (ر) عبدالقیوم نے این آرٹی سی کو کہا کہ وہ ٹیلی کمیونیکشن کے شعبے میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے نئی تخلیق پر خصوصی توجہ دیں۔ کمیٹی کے ممبران سینیٹر سحر کامران‘ بریگیڈیئر (ر) جوئن ولیم‘ روبینہ خالد نے کمیٹی کے چیئرمین اور این آر ٹی سی کے حکام کے ہمراہ این آر ٹی سی کے مختلف شعبوں کا بھی دورہ کیا۔کمیٹی نے این آر ٹی کے انجینئرز ‘پیشہ وارنہ مہارت سے دفاعی آلات کی تیاری کے عمل کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :