دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو چن چن کر نشان عبرت بنایا جائے، بہت قربانیاں دے لیں، قوم کے بچے فالتو نہیں کہ مزید آگ میں جھونکے جائیں،آپریشن ضرب عضب کا دائرہ ملک بھر میں پھیلاکر قوم کو محفوظ کیاجائے، قوم ہر محاذ پر فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،سانحہ گلشن پارک میں بے گناہ بچوں اور خواتین کو نشانہ بنا نے پر دکھ ہوا

آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین پرویز مشرف اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد کا مشترکہ بیان

پیر 28 مارچ 2016 21:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 مارچ۔2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین جنرل (ر)پرویز مشرف اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو چن چن کر نشان عبرت بنایا جائے، بہت قربانیاں دے لیں، قوم کے بچے فالتو نہیں کہ مزید آگ میں جھونکے جائیں،ضرب عضب کا دائرہ ملک بھر میں پھیلاکر قوم کو محفوظ کیاجائے، قوم ہر محاذ پر فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،سانحہ گلشن پارک میں بے گناہ بچوں اور خواتین کو ظلم کا نشانہ بنایا گیاجس پر دلی دکھ ہوا،متاثرہ خاندان اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں یہ پوری قوم کا درد ہے۔

پیر کو پارٹی کے مرکزی شعبہ اطلاعات کی طرف سے جاری کئے گئے ایک مشترکہ بیان میں آل پاکستان مسلم لیگ کے راہنماؤں نے کہا کہ سانحہ گلشن پارک انتہائی بزدلانہ فعل ہے جس میں معصوم جانوں کو بربریت کا نشانہ بنایا گیا۔

(جاری ہے)

دہشت گردبھول جائیں کہ وہ اس طرح کے اقدامات سے قوم کا سر نیچا کرسکیں گے۔ یہ صرف متاثرہ خاندانوں کا دکھ نہیں بلکہ پوری قوم کا دکھ ہے۔

دل و جان سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آپریشن ضرب عضب کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیلایا جائے اور دہشت گردوں کو چن چن کر موت کے گھاٹ اتارا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان اور قوم نے بہت قربانیاں دے لی ہیں،ہمارے بچے فالتو نہیں ہیں کہ انہیں آگ میں جھونک دیاجائے۔انہوں نے سانحہ گلشن پارک کے بعد آرمی چیف کی جانب سے فوری اقدامات کرنے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان پر فخر ہے اور یقین ہے کہ ہماری فوج قوم کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلائے گی۔مسلسل دردناک سانحات کے باوجود قوم کے حوصلے بلند ہیں اور وہ افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔