سردار یسین ملک کی سماجی خدمات ہم سب کے لیے قابل تقلید مثال ہے، ایس ایم منیر

پیر 28 مارچ 2016 21:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 مارچ۔2016ء ) معروف صنعت کار و تاجر رہنما ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ سردار یسین ملک کی سماجی خدمات ہم سب کے لیے قابل تقلید مثال ہے، کراچی بزنس فورم اینڈ تھنک ٹینک کے صدر راشد صدیقی کی جانب سے سردار یسین ملک کو جامعہ کراچی کی جانب سے پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دینے پر دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یسین ملک معاشرے کے پسماندہ طبقات کی مدد کرنے میں پیش پیش ہیں، ایسی کوششوں سے اجتماعی ترقی اور خوش حالی کی راہیں ہموار ہوتی ہیں۔

اس موقع پر کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد قیصر نے کہا کہ اعزازی ڈگری کی منظوری یونیورسٹی سنڈیکیٹ کی جانب سے دی جاتی ہے، سنڈیکیٹ میں تعلیم و تدریس اور دیگر شعبوں کے اہم لوگ بھی شامل ہوتے ہیں، سردار یسین ملک کو صحت ، تعلیم اور سماجی خدمات کے شعبوں میں مثالی خدمات انجام دینے پر یہ ڈگری دینے کا فیصلہ متفقہ طور پر سنڈیکیٹ میں منظور ہوا، انھوں نے کہا کہ کراچی یونیورسٹی میں اسکالرشپ دینے سمیت یسین ملک نے کئی خدمات انجام دی ہیں، اور یہ ڈگری ان خدمات کا اعتراف ہے۔

(جاری ہے)

بزنس فورم اینڈ تھنک ٹینک کے صدر راشد صدیقی نے خطبہ استقبالیہ میں سردار یسین ملک کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی شخصیت بزنس کمیونٹی کے لیے رول ماڈل کا درجہ رکھتی ہے۔ تقریب سے سینیٹر عبدالحسین خان، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس کے سینیر نائب صدر خالد تواب، زبیر طفیل، آباد کے چیئرمین حنیف گوہر، مرزا اختیار بیگ، عبدالرحیم جانو، مہتاب چاوٴلہ اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے صحت، تعلیم اور سماجی خدمات میں سردار یسین ملک کی خدمات کو سراہا ۔ اس تقریب میں برطانیہ، روس، سوئٹزر لینڈ، فرانس اور ایران کے قونصل جنرلز سمیت صنعت و تجارت، میڈیا اور مختلف سماجی شعبوں کی نمائندہ شخصیات نے شرکت کی۔