سیاسی و مذہبی رہنماوٴں کا لاہور میں خودکش دھماکے اور معصو م جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج وغم کا اظہار

ملک دشمن عناصر کو پاکستان کی ترقی اور امن برداشت نہیں ہورہا دہشت گردی کے واقعات میں بیرونی عناصر خصوصا بھارت کا ہاتھ ہے،دہشت گردوں کی بزدلانہ کاروائی ہے انڈیا کے جاسوس کی گرفتاری کے بعد دھماکہ بہت سے سوالات جنم دے رہاہے، ہمارے سیکورٹی اور انٹیلی جنس اداروں کو اپنی فعالیت بہتر بنانے کی ضرورت ہے،بیانات

پیر 28 مارچ 2016 20:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 مارچ۔2016ء ) مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماوٴں نے اقبال پارک لاہور میں ہونے والے خودکش دھماکے اور معصو م جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج وغم کا اظہارکرتے ہوئے اپنے مشترکہ ردعمل میں کہا کہ ملک دشمن عناصر کو پاکستان کی ترقی اور امن برداشت نہیں ہورہا۔دہشت گردی کے واقعات میں بیرونی عناصر خصوصا بھارت کا ہاتھ ہے،دہشت گردوں کی بزدلانہ کاروائی ہے،انڈیا کے جاسوس کی گرفتاری کے بعد دھماکہ بہت سے سوالات جنم دے رہاہے۔

ہمارے سیکورٹی اور انٹیلی جنس اداروں کو اپنی فعالیت بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ملی مجلس شرعی کے مفتی محمد خان قادری پروفیسر ڈاکٹر محمد امین،جماعت اسلامی کے ڈاکٹر فرید احمد پراچہ،تنظیم اسلامی کے حافظ عاکف سعید نے اپنے رد عمل میں کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کاروائی ہے،انڈیا کے جاسوس کی گرفتاری کے بعد دھماکہ بہت سے سوالات جنم دے رہاہے،دہشتگردانہ اور بزدلانہ کارروائیاں کرنے والے اسلام ،پاکستان اور انسانیت کے دشمن ہیں۔

(جاری ہے)

دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کا عزم متزلزل نہیں کرسکتیں۔ دہشتگردوں اوران کے معاونین کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔جمعیت علماء اسلام کے مولانا سمیع الحق،مولانا احمد ثانی اور قاری اعظم حسین نے کہا کہ سانحہ گلشن اقبال پارک لاہورمیں بم دھماکے کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ سانحہ گلشن اقبال پارک افسوسناک اورقابل مذمت ہے، دشمن عناصر دہشتگردانہ کارروائیوں کے زریعے وطن عزیز میں عدم استحکام پیدا کرناچاہتے ہیں۔

امن وامان کی فضاء کو برقرار رکھنے کیلئے تمام طبقات اپنا قومی فریضہ ادا کریں۔تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے مذمتی بیان میں کہا کہ سانحہ گلشن اقبال میں دہشگردوں کی بزدلانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کا عزم متزلزل نہیں کرسکتیں۔انہوں نے کہا کہ را کے ایجنٹ کے رنگے ہاتھوں پکڑے جانے کے باوجود ارباب اختیار ہوش کے ناخن نہیں لے رہے اور اس سنگین معاملے پر بھارت پر دباوٴ ڈالنے کی بجائے خود پاکستانی حکومت دباوٴ کا شکار دکھائی دیتی ہے، دہشتگردوں اوران کے معاونین کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

جماعت اہلحدیث پاکستان کے حافظ عبدالوحید شاہدر روپڑی نے کہا کہ دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں،دہشت گردی کا خاتمہ اولین ترجیحات میں ہونا چاہیے۔اس واقعہ میں بیرونی ہاتھ کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا،جے یو پی کے پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ لاہور میں ایک عرصہ کے بعد پبلک مقام پر دھماکہ ہوا ہے۔ جس نے سیکورٹی کے حوالے سے کئی سوالات کھڑے کردیے ہیں۔

ضرب عضب کے تحت دہشت گرد کمزور ضرور ہوئے ہیں مگر انکا وجود ابھی باقی ہے۔عالمی انجمن خدام الدین نے چیئر مین ڈاکٹر محمد اجمل قادری نے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کاروائی ہے،انڈیا کے جاسوس کی گرفتاری کے بعد دھماکہ بہت سے سوالات جنم دے رہاہے،ملک بھر کے دینی مدارس اور مساجد میں شہداء کے لیے دعامغفرت اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعاوں کا اہتمام کیا جائے،دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں،دہشت گردی کا خاتمہ اولین ترجیحات میں ہونا چاہیے۔

پی ٹی آئی کے اعجاز چوہدری نے کہا کہ حکومت کو بھارت سے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنا ہو گی اور ضرورت اس امر کی ہے کہ معذرت خواہانہ رویہ ترک کر کے قومی مفادات کو ترجیح دی جائے، یکطرفہ دوستی کی بس نہیں چلے گی حالات اس قدر خراب ہیں کہ خود بھارتی میڈیا بھی را کی سرگرمیوں پر سوال اٹھا رہا ہے،فنکشنل لیگ کے ڈاکٹر ملک محمد سعید نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت ایسے حساس ایشوزپر بھی روایتی سستی یا دوہرے پن کا مظاہرہ کرتی ہے حالانکہ یہ ذاتی دوستی سے بڑھ کر قومی مفادات کا معاملہ ہے جس پر جلد از جلد کاروائی ہونی چاہیے تھی ۔

جمعیت علماء اسلام (ف)مولانا امجد خان نے لاہور کے علاقہ گلشن اقبال پارک اقبال ٹاون لاہور میں بم دھماکے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے بے گناہ لوگوں کے قتل عام پر شدیدغم وغصہ اور افسوس کا اظہارکیا،مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولاناعاصم مخدوم نے کہاکہ دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں یہ خونخواردرندے ہیں ان کے مکمل خاتمے کے لئے حکومت اقدامات کرئے