اسلام آباد چیمبر میں تاجر برادری کا اجلاس،لاہور خود کش حملے کی شدید مذمت

مرحومین کیلئے دعا کی اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار معصوم شہریوں کو قتل کرنے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، ہمارا مذہب اس طرح کے بہیمانہ اقدامات کی بالکل اجازت نہیں دیتا،مقررین

پیر 28 مارچ 2016 20:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 مارچ۔2016ء ) تاجر برادری نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ ایک اجلاس میں گلشن اقبال پارک، لاہور میں معصوم شہریوں پر خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی کی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کو قتل کرنے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں کیونکہ ہمارا مذہب اس طرح کے بہیمانہ اقدامات کی بالکل اجازت نہیں دیتا۔

انہوں نے مرحومین کیلئے دعا کی اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے خودکش حملے میں زخمی ہونے والوں کے ساتھ بھی ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کی جلد صحت یانی کیلئے دعا کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ ، سینئر نائب صدر شیخ پرویز احمد اور نائب صدر شیخ عبدالوحید نے کہا کہ پاک فوج اور سیکورٹی ادارے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں ان حالات میں دہشت گردوں کی طرف سے ردعمل کا ہر وقت خدشہ رہتا ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام پبلک مقامات، مارکیٹوں، سکولوں و کالجوں اور دیگر اہم مقامات سمیت پورے ملک میں سیکورٹی کے انتظامات کو مزید بہتر کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کی وجہ سے گزشتہ 14، 15سال کے دوران پاکستان کی معیشت کو 107ارب ڈالر سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا ہے جبکہ ہزاروں افراد اپنی زندگیاں قربان کر چکے ہیں لیکن اس کے باوجود دہشت گرد ابھی تک معصوم شہریوں کو قتل کرنے اور معیشت کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پاکستان کا دوسرا سب سے بڑا تجارتی مرکز ہے اور لگتا ہے کہ دہشت گرد کراچی کے بعد اب لاہور کو نشانہ بنا رہے ہیں تا کہ پاکستان کی معیشت کو مزید کمزور کر سکیں۔

تاہم انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے مزموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ پاک فوج اور حکومت دہشت گردی کا خاتمہ کرنے میں پر عزم ہیں اور بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے لہذا ہر شہری کا فرض ہے کہ وہ آگے بڑھے اور ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کی کوششوں میں حکومت کا بھرپور ساتھ دے کیونکہ اس طرح کے واقعات سے حکومت کی طرف سے پاکستان کا سافٹ امیج فروغ دینے اور سرمایہ کاری کو ترغیب دینے کی کوششوں کو نقصان پہنچتا ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ پورے ملک کی تاجر برادری پاک فوج اور حکومت کے ساتھ ملک کو دہشت گردی و انتہا پسندی سے نجات دلانے اور امن وامان کی صورتحات کو بہتر کرنے کی کوششوں میں بھرپور تعاون کرے گی تا کہ پرامن ماحول قائم ہونے سے شہریوں کی زندگی محفوظ ہو اور صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے اور پاکستان ترقی و خوشحالی کے راستے پر گامزن ہو سکے ۔ ۔

متعلقہ عنوان :