پنجاب یونیورسٹی آسا عہدیداران کی ایسوسی ایٹیٹڈ پریس آف امریکہ کی پاکستان مخالف رپورٹنگ پر شدید مذمت

پیر 28 مارچ 2016 20:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 مارچ۔2016ء) پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے گلشن اقبال پارک میں ہونے والے دھماکہ کے بعد ایسو سی ایٹیٹڈ پریس آف امریکہ اور ان کے رپورٹر ضرار خان کی جانب سے متعصبانہ اور پاکستان مخالف رپورٹنگ پر شدید مذمت کی ہے۔ آسا کے منعقدہ ہنگامی مجلس عامہ کے اجلاس کے بعد صدر پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید احمداور سیکریٹری ڈاکٹر محبوب حسین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ کسی بھی مذہب یا فرقہ سے بالا تر ہوکر سب انسانوں کی جانیں قیمتی ہیں اور اسلام کی تعلیمات میں ہے کہ ’’ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کے قتل کے متراد ف ہے‘‘ ۔

انہوں نے کہا کہ دھماکوں کے بعد ایسو سی ایٹٹڈ پریس آف امریکہ کی جانب سے شائع ہونے والی خبر اور ہیڈ لائنز میں لکھا گیا کہ ایسٹر کے موقع پر مسیحی برادری کو نشانہ بنایا گیا ،جو سراسر غلط اور پاکستان کے خلاف منفی تاثر کو ابھارنے کی ناپاک کوشش ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی سفاک اور بزدلانہ کارروائی کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے نوے فیصد مسلمان تھے اور ان اعداد و شمار کو امریکن نیو ز ایجنسی کی جانب سے جان بوجھ کر نظر انداز کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ خبر میں یہ تاثر دینے کی بھی کوشش کی گئی کہ پاکستان میں اقلیتوں کو تحفظ حاصل نہیں جبکہ اس کے برعکس پاکستانی حکومت اور عوام مشکل کی ہر گھڑی میں اقلیتوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں برابر کا شہری سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوگل اور یاہو جیسے سرچ انجنز بھی امریکہ اور برطانیہ کی ایجنسیوں کے ساتھ ملے ہوئے ہیں جو دنیا میں دہشت گردی میں ملوث ہیں۔