علماء و مدارس دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے حکومت وپاک فوج کیساتھ ہیں‘قوم دہشتگرد ی کیخلاف متحد ہوجائے‘المیہ گلشن پارک پر پورا ملک سوگوار ،بھارتی دہشتگردی کا مسئلہ عالمی سطح پر اٹھایا جائے

علماء کرام قاری حنیف جالندھری،علامہ ممتاز اعوان ،حافظ زبیر ظہیر و دیگر کی سانحہ لاہور کی مذمت

پیر 28 مارچ 2016 20:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 مارچ۔2016ء ) ورلڈ پاسبان ختم نبوت اور متحدہ علماء کونسل کے زیر اہتمام لاہور پریس کلب میں میاں محمد اویس کی زیر صدارت استحکام مدارس و پاکستان کے ضمن میں ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاق المدارس العربیہ کے ناظم اعلیٰ قاری محمد حنیف جالندھری ورلڈ پاسبان ختم نبوت کے ناظم اعلیٰ علامہ محمد ممتاز اعوان تحریک تحفظ حرمین شریفین کے امیر حافظ زبیر احمد ظہیراور قاضی عبد الرشید،مولانا الطاف الرحمن،الحاج پیر ولی اﷲ شاہ بخاری،حافظ نعمان حامد،مولانا محمد اسلم ندیم،ڈاکٹرعلامہ مدثر اقبال،قاری محمد حنیف حقانی،مولانا مجیب الرحمن انقلابی،مولانا عبد النعیم،ڈاکٹر شاہد نصیر،حافظ شعیب الرحمن، حافظ حسین احمد اعوان، مولانا ضیاء الرحمن فاروقی ودیگر علماء نے گلشن پارک لاہور میں ہونیوالے دہشتگردانہ خودکش حملے کے نتیجے میں درجنوں افراد کی ہلاکت اور سینکڑوں کے زخمی ہونے کے المناک واقعہ پر انتہائی دکھ و غم کا اظہار کرتے ہوئے شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ المیہ گلشن پارک پر پورا ملک سوگوار ،ہردل زخمی اور ہر آنکھ اشکبار ہے دہشتگرد معصوم بچوں ،خواتین اور بے گناہوں پر حملہ کرکے ملک و قوم کے ہرگز حوصلے پست نہیں کرسکتے انہوں نے کہا کہ آئے روز دہشتگردی کے واقعات دشمن کی غیر اعلانیہ جنگ ہے پوری قوم دہشتگردی کیخلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر متحد ہوجائے اس موقع پر شہداءِ گلشن پارک کے درجات کی بلندی کیلئے اجتماعی دعا بھی کی گئی اور پاکستان میں بھارت در اندازی اور را کے دہشتگردانہ کارروائیوں پر سخت احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ بھارتی دہشتگردی کا مسئلہ عالمی سطح پر اٹھایا جائے اورحکمران بھارت کو عالمی دہشتگرد قرار دلوانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔

(جاری ہے)

نیزمذہبی راہنماؤں نے کہا کہ علماء و دینی مدارس دہشتگردی کے خاتمے کیلئے حکومت اور پاک فوج کے مکمل ساتھ ہیں اور وہ ملک و ملت کیخلاف ہرسازش کوملک کر ناکام بنائینگے۔مشترکہ نیوز کانفرنس میں علماءِ لاہور نے 3اپریل کولاہورمیں ہونیوالی ملک گیر استحکام مدارس و پاکستان کانفرنس اور9اپریل کو ہونیوالی تاریخی ختم نبوت کانفرنس کی مکمل حمایت اور بھرپور شرکت کا اعلان کیا ۔